ہمبنٹوٹا (جیوڈیسک) ہمبنٹوٹا میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کو 311 رنز کا ہدف دیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے اوپننگ بلے بازوں احمد شہزاد اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن شرجیل خان صرف 9 رنز بنا کر ملینگا کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے جس کے بعد احمد شہزاد اور محمد حفیظ نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ایک وکٹ کے نقصان پر سکور کو 100 رنز تک پہنچایا۔
محمد حفیظ 62 جبکہ احمد شہزاد 56 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ ان کے بعد عمر اکمل نے شائقین کرکٹ کو شدید مایوس کیا اور صرف ایک رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے۔
کپتان مصباح الحق نے 36 جبکہ صہیب مقصود نے 9 رنز بنائے۔ بوم بوم آفریدی اپنا زور بازو نہ دکھا سکے اور 17 رنز بنا کر واپس لوٹ گئے۔ وہاب ریاض نے ٹیم کے سکور میں صرف 5 رنز کا اضافہ کیا۔
سری لنکا کی جانب سے این ایل ٹی سی پریرا نے 3، ہیراتھ، ملینگا اور پراسانا نے 2، 2 جبکہ دلشان نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس سے قبل سری لنکا نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 310 رنز بنائے تھے۔
سری لنکا کی جانب سے کپتان میتھیوز 93، جے وردھنے 67 جبکہ پریرا 65 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 4، محمد حفیظ نے 3 جبکہ جنید خان نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ پاکستان چار وکٹوں سے جیت گیا تھا۔