دوسرے سیمی فائنل میں آج ارجنٹینا اور ہالینڈ مدمقابل ہوں گی

Argentina, Holland,

Argentina, Holland,

ریو ڈی جنیرو (جیوڈیسک) ورلڈ کپ فائنل میں جرمنی کے مدمقابل کون ہوگا ، ہالینڈ یا ارجنٹینا، فیصلہ آج دوسرے سیمی فائنل کے بعد ہوجائے گا۔

انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں، دوسرا سیمی فائنل آج دو بار کی سابق چمپئن ارجنٹینا اور ہالینڈ کے درمیان ہوگا۔ ایک ٹیم میں لیونل میسسی ہیں، جن کا جادو اس ورلڈ کپ میں سر چڑھ کر بول رہا ہے۔

ان کا ساتھ دینے کے لئے گونزالو ہیگوئین اور گول کیپر سرجیو رومیروہیں۔ دوسری جانب روبن، وین پرسی، ویزلی اشنائیڈراور ممفس ڈی پائے جیسے اسٹارز سے سجی ڈچ ٹیم ہے۔ مقابلہ ایک یورپی اور ایک جنوبی امریکی ٹیم کے درمیان ہے، جنوبی امریکا میں ہونے والا ورلڈ کپ آج تک کوئی یورپی ٹیم نہیں جیتی ہے۔

اگر ہالینڈ کی ٹیم فائنل میں پہنچ گئی تو تاریخ رقم ہوسکتی ہے کیونکہ وہاں اس کا مقابلہ جرمنی سے ہوگا، لیکن ارجنٹینا کی کامیابی کی صورت میں جنوبی امریکا کی امیدیں زندہ رہیں گی۔ کون سی ٹیم فائنل میں جرمنی کے مدمقابل ہوگی، اس کا فیصلہ آج رات کو ہوجائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات ایک بجے شروع ہوگا۔