لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے نائب صدر شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی سینئر رہنما اور ڈپٹی اسپیکر سندھ شہلا رضا کا این آر او ڈیلنگ سے متعلق حالیہ بیان نے سیاست میں ہنگامہ برپا کر دیا ہے پیپلزپارٹی بیان کی وضاحت کرے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا این آر او کے حوالے سے شہلا رضا کا بیان سنجیدہ معاملہ ہے، این آو او ڈیل میں امریکا، برطانیہ اور متحدہ عرب امارات کا ضامن بننا انکشاف ہے جس نے سیاست میں ہلچل مچا دی ہے۔
انہوں نے کہا پیپلزپارٹی کے سینئر ممبران اہم بیانات دے رہے ہیں جبکہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ڈیل کی بات کی اور یہاں تک کہا کہ جوکچھ ہوا وہ ان کے علم میں ہے، شہلا رضا اور یوسف رضا گیلانی کی این آر او سے متعلق باتوں کو سنجیدگی سے لینا چاہیے۔ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ این آر او چند لوگوں کے درمیان تھا جبکہ وہ اس وقت وزیرخارجہ تھے لیکن این آر او کے مندرجات سے لاعلم تھے۔
آزادی مارچ کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ کہا تحریک انصاف کسی سیاسی ڈیل کا حصہ نہیں بن رہی، طاہرالقادری اور عمران خان کے خیالات ملتے ہیں اور بعض معاملات میں اتفاق ہے تاہم انتخابی دھاندلی اور ناانصافی کے خلاف 14 اگست کو ہرصورت اسلام آباد میں احتجاج کیا جائے گا۔