لیڈز (جیوڈیسک) دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں قومی ٹیم 174 رنز پر پویلین لوٹ گئی جس کے جواب میں انگلیںڈ کی بیٹنگ جاری ہے اور میزبان ٹیم نے پاکستان پر برتری حاصل کرلی ہے۔
ہیڈ نگلے میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کا دوسرا دن بارش کے سبب تاخیر کا شکار رہا اور پہلے سیزن میں ٹیمیں گراؤنڈ میں نہیں اتری۔ دوسرے سیزن میں میزبان ٹیم نے 2 وکٹ کے نقصان پر 106 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا۔
انگلینڈ کی جانب سے کپتان جوئے روٹ 45، ڈومینک بیس 49، ڈیوڈ مالان 28، جونی بیرسٹو 21 اور کرس ووکس 17 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ جوس بٹلر 34 اور سیم کارن 16 رنز پر وکٹ پر موجود ہیں۔
اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا اور پوری ٹیم پہلے روز ہی 174 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ پاکستان کا ٹاپ آرڈر مکمل طور پر ناکام دکھائی دیا، اظہرعلی 2، امام الحق 0، حارث سہیل 28، اسد شفیق 27، کپتان سرفراز احمد 14، فہیم اشرف 0 اور عثمان صلاح الدین 4 رنز ہی بناسکے۔
شاداب خان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی، حسن علی نے بھی 24 رنز بناکر ان کا بھرپور ساتھ دیا، شاداب خان 56 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈریسن، اسٹورٹ براڈ اور کرس ووکس نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے انگلینڈ کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔