ایس ای سی پی نے گزشتہ ماہ 316 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ کیں

SECP

SECP

سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن (ایس ای سی پی)نے جولائی کے دوران 316نئی کمپنیاں رجسٹر ڈکیں، جس کے ساتھ ملک میں کل رجسٹرڈ کمپنیاں کی تعداد باسٹھ ہزار دو سو اٹھائیس (62,228)ہو گئی، ایس ای سی پی کے ترجمان کے مطابق جولائی میں رجسٹریشن حاصل کرنے والی کمپنیوں میں نواسی فیصد کمپنیوں نے بطور پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی جبکہ سات فیصد کمپنیوں نے بطور سنگل ممبر کمپنی رجسٹریشن حاصل کی۔

دو فیصد کمپنیاں بطور پبلک لمیٹڈ کمپنیاں جبکہ ایک فیصد غیرمنافع بخش کمپنی اور ایک غیر ملکی کمپنی نے رجسٹریشن حاصل کی، ایس ای سی پی کی جانب سے بیرونی سرمایہ کاروں اور غیر ملکی ڈائریکٹرز رکھنے والی کمپنیوں کی رجسٹریشن آسان بنانے کے باعث بیرونی سرمایہ کاروں کی جانب مقامی کمپنیوں میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا، اس ماہ چین، آسٹریلیا، برطانیہ ،ملائیشیا، پانامہ، ہالینڈ، شمالی کوریا ، سوڈان،شام، اٹلی، جاپان، پاپوا نیو گنی اور ترکی کے سرمایہ کاروں نے ٹیلی کمیونی کیشن ،الیکٹریکل گڈز، کنسٹریکشن اور آئی ٹی کی چودہ مقامی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کی۔

جولائی میں سب سے زیادہ کمپنیاں یعنی ننانوے کمپنیاں لاہور میں رجسٹرڈ ہوئیں جبکہ کراچی میں 92، اسلام آباد میں 63، کمپنی رجسٹریشن آفس پشاور میں 23 ملتان میں 24، فیصل آباد میں 10 ، کوئٹہ اور سکھر میں دو دو کمپنیاں رجسٹر ہوئیں، سب سے زیادہ کمپنیاں ٹریڈنگ کے شعبے میں رجسٹرڈ ہوئیں اور اس شعبے میں 50کمپنیوں نے رجسٹریشن حاصل کی۔

جبکہ خدمات کے شعبے میں 31، تعمیرات کے شعبے میں 29، سیاحت کے شعبے میں 28، آئی ٹی میں 23 اور 17کمپنیاں زراعت کے شعبے میں رجسٹر ہوئیں، جولائی میں 83 کمپنیوں کی جانب سے غیر ادا شدہ سرمائے میں اضافے کی درخواستوں کو منظور کیا گیا اور کلی طور پر19ارب 10کروڑ روپے تک کے اضافے کی منظوری دی گئی ، علاوہ ازیں ایک سو چھ کمپنیوں نے ادا شدہ سرمائے کی حد میں اضافے کی درخواستیں دیں اور ان کمپنیوں کے کل ادا شدہ سرمائے میں کلی طور پر نوارب اکتالیس کروڑ روپے کا اضافہ منظور کیا گیا۔