حیدرآباد (جیوڈیسک) آل پاکستان لیڈی ہیلتھ ورکرز ایمپلائز ایسوسی ایشن کی جانب سے بقایاجات تنخواہیں نہ ملنے پر صوبائی کورڈینیٹر جے رام کے خلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے میں شریک لیڈی ہیلتھ ورکرز اپنے مطالبات کی حمایت میں نعرے بازی کررہی تھیں۔ اس موقع پر دھرنے میں شریک لیڈی ہیلتھ ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کی صوبائی چیئرپرسن طلعت ناز، جنرل سیکریٹری شہناز رانجھانی، جوائنٹ سیکریٹری راحیلہ شیخ، رہنما حلیمہ لغاری اور دیگر نے کہاکہ نیشنل ہیلتھ پروگرام کے پروانشل کوآرڈینیٹر کی ہٹ دھرمی کے باعث سندھ میں کام کرنے والی 24 ہزار لیڈی ہیلتھ ورکرز کو دو ماہ کی تنخواہیں نہیں مل سکی ہیں
اس کے علاوہ ان کو 29 ماہ سے دیگر واجبات بھی نہیں ملے ہیں، تین سال سے ایل ایچ ایس کو پٹرول نہیں دیا جارہا اس صورتحال پر ہم نے مدر چائلڈ ہیلتھ ویک کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے تینوں صوبوں میں حکومت کے اعلان کردہ تنخواہوں میں اضافے کے مطابق تنخواہیں دی جارہی ہیں
جبکہ ہمیں ابھی تک وہی پرانی تنخواہ دی جارہی ہے، انہوں نے سیکریٹری ہیلتھ اور دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ ہمارے مطالبات پر فوری عملدرآمد کرایا جائے۔ بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیا جائے گا۔