قصور ( محمد عمران سلفی سے) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں صوبائی وزیر معدنیات پنجاب چوہدری شیر علی خان نے گزشتہ روز تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پتوکی اور اراضی ریکارڈ سنٹر پتوکی کا دورہ کیا ‘تمام سہولیات کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر انکے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر پتوکی محمد نواز گوندل ، ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر مسعود طارق ، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر اے جی ساجد ، ایم ایس ہسپتال ڈاکٹر عبدالحمید چوہدری ، تحصیلدار مہتاب خاں بلوچ ، مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ تحصیل پتوکی کے صدر چوہدری بلال عارف اور صحافی بھی موجود تھے ۔
صوبائی وزیر چوہدری شیر علی خان نے ہسپتال کے بچہ وارڈ، میڈیکل وارڈ ، ڈائیلسز وارڈ ، ایکسرے روم ، الٹرا سائونڈ روم ، لیبارٹری ، میڈیسن سٹور ،ایمرجنسی اور دیگر وارڈز کا تفصیلی معائنہ کیا اور اس موقع پر ای ڈی او ہیلتھ نے ہسپتال کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف عوام الناس کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے گراں قدر اقدامات کر رہے ہیں اور عوام کوانکی دہلیز پر صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے ۔
انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولتوں کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔ بعدازاں صوبائی وزیر معدنیات چوہدری شیر علی خان نے لینڈ ریکارڈ سینٹر پتوکی کا بھی دورہ کیا اور وہاں انچارج سنٹر رانا عابد اور اے ڈی ایل آر محمد یوسف نے بریفنگ دی ۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے عوام الناس کو دی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا ۔