فیصل آباد کی خبریں 18/1/2014
Posted on January 19, 2014 By Geo Urdu سٹی نیوز
سلطنت عمان کی وزارت اوقاف و مذہبی اُمور کے نائب مفتی اعظم ڈاکٹر کہلان الخروسی سوموارکو زرعی یونیورسٹی فیصل آباد خصوصی لیکچر دیں گے
فیصل آباد ( ایچ ایس این)ربیع الاول کے بابرکت اور پرفضلیت مہینے کی وساطت سے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے اقبال آڈیٹوریم میں سلطنت عمان کی وزارت اوقاف و مذہبی اُمور کے نائب مفتی اعظم ڈاکٹر کہلان الخروسی سوموار 20جنوری کو صبح 9بجے ”اسلام میں پیشہ وارانہ امور کی اخلاقیات” پر خصوصی لیکچر دیں گے۔ شعبہ تعلقات عامہ و مطبوعات اور سینئر ٹیوٹرآفس کے اشتراک سے منعقدہ خصوصی لیکچر کی صدارت یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں کریں گے۔ ان کا لیکچر مختلف پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کی موثرانجام دہی میں معاونت کے ساتھ ساتھ حسن اخلاق اور معاملہ فہمی کے حوالے سے بھی رہنمائی فراہم کرے گا۔
———————–
———————
زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میںتمام صوبوں سے تعلق رکھنے طلباء کی جانب سے کلچر پروگرام کا انعقاد
شہباز شریف کی طرف سے پنجاب کے تعلیمی اداروں میںبلوچستان کا کوٹہ د وگنا اور ٹیوشن فیس معاف کر دی گئی ہے، مہمانِ خصوصی عابد شیر علی
فیصل آباد ( ایچ ایس این) وزیرمملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت میاں نواز شریف اورشہباز شریف کی قیادت میںصوبوں میں ہم آہنگی اور محبت کو فرو غ دے رہی ہے اس سلسلہ میں تمام صوبوں کے پسماندہ اضلاع کی محرومیوں کا ازالہ کرنے کیلئے متعدد اقدامات کئے رہے ہیں جن کے تحت وزیراعلیٰ پنجاب میا ں شہباز شریف کی طرف سے اعلیٰ تعلیم کے اداروں میں بلوچستان کے کوٹہ کو د وگنا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی ٹیوشن فیس بھی معاف کر دی گئی ہے۔ انہوں نے یہ بات زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے اقبال آڈیٹوریم میں یونیورسٹی کے اُمور طلبہ کے زیراہتمام دیگر صوبوں طلبہ کیلئے منعقدہ کلچرل پروگرام میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب میں کہی۔ کلچرل پروگرام میں یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں’ ڈی سی اوفیصل آباد نور الامین مینگل’ آئی بی اے سکھر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر نثار احمد صدیقی’ایم پی اے میاں طاہر جمیل’ یونیورسٹی کے ڈینز’ ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔ چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ انہیں یونیورسٹی میں پاکستان کے تمام صوبوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو یکجادیکھ کر انتہائی خوشی ہوئی ہے کیونکہ یہی پاکستان کی طاقت اور قومی یکجہتی کا مظہر ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں کے عوام خصوصاً محرومیوں کا شکار لوگوں کو اعلیٰ تعلیم سمیت ترقی کے دیگر اُمور میں شامل کرنے سے ہی پاکستان صحیح معنوں میں ترقی کرے گااور اس ویژن کو وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف پروان چڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبا ز شریف نے فیصل آباد میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے نوجوان ڈی سی او نور الامین مینگل کو تعینات کرکے چھوٹے صوبوں کو ترقی کا حصہ بنانے اور نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے عزم کو مزید توانائی فراہم کی ہے۔اس موقع پر ڈی سی او نورالامین مینگل نے اپنے خطاب میں بتایا کہ وہ فیصل آباد تعیناتی سے قبل لاہور میں ضلعی حکومت کے سربراہ کے طور پر بلوچستان سمیت سندھ’ خیبرپختونخوا ہ اور گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے نوجوانوںاور دیگر وفود کی میزبانی کرتے رہے ہیں اور یہ سلسلہ فیصل آباد میں بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کمی نہیں لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں ترقی کے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں۔ ڈی سی او نے کہا کہ ہم قومی یکجہتی اور آپس میں پیار و محبت کو فروغ دے کردہشت گردی سمیت دیگر چیلنجز کا بطریق احسن مقابلہ کرسکتے ہیں۔انہوں نے کلچرل پروگرام کے انعقاد پر یونیورسٹی انتظامیہ کی کاوشوں کو بھی سراہا۔یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ یونیورسٹی کے تمام صوبوںسے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو ڈسٹرکٹ کوٹہ کی بنیاد پر داخلہ دیتی ہے اور اگر اسے منی پاکستان قرار دیا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔ انہوں نے یونیورسٹی میں تمام صوبوں کے طلباء و طالبات کو ایسی صحت مند سرگرمیوں کا حصہ بنانے کے عزم کا اعاد ہ بھی کیا۔انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن سکھر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر نثار صدیقی نے کہا کہ ان کے انسٹی ٹیوٹ میں تمام صوبوں کے افراد کو داخلوںاور ملازمت کے بلاامتیاز مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے قومی یکجہتی کو پروان چڑھانے کیلئے ایسے کلچرل پروگرام کے انعقاد کو سراہا۔
———————–
———————
ڈی سی او نور الامین مینگل نے شہر کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت میں سست روی پر سخت برہمی کا اظہار
ڈبل شفٹ میں تعمیراتی کام کے لئے فوری اقدامات کریں تاکہ تیز رفتارتکمیل سے شہریوں کی مشکلات دور کی جا سکیں
فیصل آباد (ایچ ایس این)ڈی سی او نور الامین مینگل نے شہر کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت میں سست روی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ ڈبل شفٹ میں تعمیراتی کام کے لئے فوری اقدامات کریں تاکہ تیز رفتارتکمیل سے شہریوں کی مشکلات دور کی جا سکیں ۔وہ ایک اجلاس کے دوران جیل روڈ کی تعمیر سمیت دیگر اہم سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے امور کا جائزہ لے رہے تھے ۔ ایم این اے رانا محمد افضل خاں بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ اجلاس میں ای ڈی او فنانس ایوب خان ‘ ڈی او روڈ محمد یونس ‘ ریذیڈنٹ انجینئر نیسپاک امجد سعید ‘ مینجر این ایل سی کرنل رشید’ ڈی او پلاننگ ڈاکٹر نوید اور دیگر افسران موجود تھے ۔ڈی سی او نے شہر میں بعض خستہ حال سڑکوں کی از سر نو تعمیر کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ان کی پائیدار اور تیز رفتار تعمیر کے لئے جامع منصوبہ بندی تیارکی جائے کیونکہ سڑکیں اکھاڑنے کے بعد تعمیر میں تعطل سے شہریوں کو پریشان نہیںکیا جا سکتا ۔انہوں نے بعض سڑکوں کے فوری تخمینہ جات تیار کرنے کا بھی حکم دیا ۔انہوں نے جیل روڈ کی تعمیر میں تازہ ترین پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے انجینئرز سے کہا کہ وہ اپنی بہترین پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور کم سے کم وقت میں سڑکوں کی پائیدار تعمیر کو یقینی بنائیں ۔ایم این اے رانا محمدافضل خاں نے کہا کہ سڑکوںکی تعمیر میں ترجیحات کا تعین کیا جائے اور زیادہ خراب سڑکوں کی از سر نو تعمیر کو فوقیت دیتے ہوئے منصوبہ بندی میں ٹریفک کے بہائو کا خیال رکھا جائے۔
———————–
———————
پولیس کمپیوٹر برانچ میں انٹر نیٹ پولیسنگ کے تحت 59درخواستیں موصول،15مقدمات درج
فیصل آباد ( ایچ ایس این)سی پی او فیصل آباد ڈاکٹر حیدراشرف کی انٹر نیٹ پولیسنگ کے تحت اب تک پولیس کمپیوٹر برانچ میں 59درخواستیں موصول ہوئی ہیں ۔ جن پر حسب ضابطہ کاروائی عمل میں لائی گئی ،جس میں اب تک 15درخواستوںپر رابری ،چوری اورلائوڈ سپیکرکے غلط استعمال کی 15ایف آئی آردرج ہو چکی ہیں ،جبکہ کچھ درخواستیں دونوں فریقین کی باہمی صلح ہو جانے پر بروئے راضی نامہ یکسو ہوئیں ۔سی پی او فیصل آباد نے بیرون ملک اوراندورن ملک ایسے تمام خواتین وحضرات کی سہولت کیلئے جو پولیس دفاتر تک نہیں آسکتی ،کی آسانی کیلئے crime.report@faisalabadpolice.gov.pkکے ذریعے ڈائیریکٹE.mailکے ذریعے اپنی درخواستیں بجھوانے کی سہولت مہیا کروائی ہے ۔جس کی روزانہ کی بنیاد پر اپ ڈیشن اور مانیٹرنگ کی جاتی ہے۔
———————–
———————
راہگیروںکو لوٹنے والے دو ڈاکو گرفتار دو موقع واردات سے فرار ،موبائل فون اور نقدی برامد
سی پی او فیصل آباد ڈاکٹر حیدر اشرف نے ڈی ایس پی فیکٹر ی ایریا کی سربراہی میں ،بقیہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے پولیس پارٹی تشکیل دے دی
فیصل آباد ( ایچ ایس این)دسوہہ گائوں242رب 4ڈاکووںنے بلال ولد عبدالغفور سے موبائل فون ،نقدی اورسگریٹ وغیرہ چھین لیے ،جس پر بلال کے شور مچانے سے قریبی علاقوں سے لوگ روشن والاپٹرولنگ پولیس او رایس ایچ او ڈجکوٹ انسپکٹر اخترعلی ،اے ایس آئی نوید اسلم اور دیگر پولیس موقع پر پہنچ گئے ،جنھوں نے مل کر ڈاکوو ں کا پیچھا شروع کر دیا جس پر ڈاکو قریبی گنے کے کھیت میں داخل ہو گئے ،جن کا ڈسٹرکٹ او ر پٹرولنگ پولیس نے تعاقب جاری رکھا،جو دوران سرچ آپریشن دو ڈاکو معہ لوٹا ہوا مال پولیس نے پکڑلیا ،جن کے نام ،لیاقت عرف لیاقی سکنہ مذہبی والا،قاسم ولد شفیق سکنہ مذہبی والا معلوم ہوئے ،جبکہ ان کے دو ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔گرفتار کیے گئے ملزمان نے کافی مقدار میں واردارتوں کا انکشاف کیا ہے جس کی روشنی میں تھانہ ڈجکوٹ میں مقدمہ نمبر454/13جرم 392ppcیکسو ہوا ہے گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا ہے ۔کہ وہ 9 افراد پر مشتمل گروہ ہیںجو مختلف اوقات میں مختلف وارداتیں کرتے رہے ہیں ۔سی پی او فیصل آباد ڈاکٹر حیدر اشرف نے ڈی ایس پی فیکٹر ی ایریا کی سربراہی میں ریڈنگ پارٹی تشکیل دے دی ہے جو مقدمہ میں بقیہ ملزمان گرفتار کرے گی۔
———————–
———————
پنجاب یوتھ فیسٹیول کے تحت، صحت مند بچوں کے مابین مقا بلہ ،محمد احمد مرتضیٰ نے اول ،عبداللہ نے دوم، سمیعہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی
فیصل آباد (ایچ ایس این)پنجاب یوتھ فیسٹیول کے تحت ضلعی محکمہ بہبود آبادی کے زیراہتمام تحصیل سطح پر صحت مند بچوں کے مابین مقابلے جاری ہیں جس میں یونین کونسل کے پوزیشن ہولڈرز بچوں نے شرکت کی۔تحصیل سٹی کے مقابلوں کے نتائج کے مطابق یونین کونسل 248کے محمد احمد مرتضیٰ نے مقابلہ میں اول پوزیشن حاصل کی جبکہ یونین کونسل 279عبداللہ نے دوسری اور یونین کونسل 254کی سمیعہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔رکن صوبائی اسمبلی مدیحہ رانا نے پوزیشن حاصل کرنے والوں بچوں میں انعامات تقسیم کئے۔ڈی اوپاپولیشن ویلفیئر ڈاکٹر فرخندہ الماس،عطیہ رحمان،مسز شبینہ حمید اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھیں۔
———————–
———————
میرج ایکٹ کی خلاف ورزی پر گزشتہ رات بھرپور آپریشن،3افراد کے خلاف مقدمات درج
فیصل آباد (ایچ ایس این)میرج ایکٹ کی خلاف ورزی پر گزشتہ رات بھرپور آپریشن کیا گیا اس سلسلے میں مختلف ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے تحصیل تاندلیانوالہ اور فیصل آباد میں میرج ایکٹ کی خلاف ورزی پر3افراد کے خلاف مقدمات درج ،جن میں المدینہ بینکویٹ ہال کے مالک چوہدری شعبان احمد اورحبیب احمد کے خلاف تاندلیانوالہ میں جبکہ تاج میرج ہال نمل یونیورسٹی روڈ نزدناولٹی پل فیصل آباد کے مرزا عابد کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات کااندراج ہوا۔ڈی سی اونورالامین مینگل نے کہا ہے کہ میرج ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھرپور آپریشن جاری رہے گا۔انہوں نے اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنرز اورٹی ایم اوزسے کارکردگی رپورٹ بھجوانے کا حکم جاری کیا ہے۔
———————–
———————
پنجاب یوتھ فیسٹیول کے تحت، واہلہ کلب اور ہمایوں کلب کے مابین کبڈی میچ ،واہلہ کلب کی ٹیم جیت گئی
فیصل آباد (ایچ ایس این)پنجاب یوتھ فیسٹیول کے تحت تحصیل سطح پر مختلف کھیلوں کے مقابلے شروع ہوگئے ہیں اس سلسلے میں تحصیل صدر کی کھیلوں کاآغازچک نمبر8ج ب شہبازنگر میں واہلہ کلب اور ہمایوں کلب کے مابین کبڈی میچ سے ہوا یہ میچ واہلہ کلب کی ٹیم نے 35کے مقابلے میں 55پوائنٹس سے جیت لیا۔ایم پی اے/ڈویژنل کنوینئر سپورٹس یوتھ اینڈ ڈویلپمنٹ کونسل چوہدری ظفر اقبال ناگرا اس موقع پر مہمان خصوصی تھے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر صدر شفیع اللہ خاں اور کبڈی کے شائقین کی بڑی تعداد بھی موجودتھی۔ایم پی اے/ڈویژنل کنوینئر نے کہا کہ کبڈی کاکھیل دیہی وشہری علاقوں میں یکساں مقبول ہے جس سے شہریوں کو صحت مند تفریح کے مواقع بھی حاصل ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول میں ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کو کھیلوں کے وسیع مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کبڈی کا بہترین کھیل پیش کرنے پر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور جیتنے والی ٹیم کو مبارکباد دی ۔علاوہ ازیں پنجاب یوتھ فیسٹیول کے سلسلے میں ضلع کی دیگر تحصیلوں میں بھی مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوئے۔ڈی او سپورٹس چوہدری طارق نذیر کے مطابق تحصیل سٹی میں آرم ریسلنگ کے مقابلے منعقد ہوئے۔ایم پی اے مدیحہ رانا اس موقع پر مہمان خصوصی تھیں۔ تحصیل جڑانوالہ میں اتھلیٹکس اور آرم ریسلنگ کے مقابلوں کا افتتاح اراکین صوبائی اسمبلی رانا شعیب ادریس اور رائے عثمان کھرل نے کیا جبکہ تحصیل سمندری میں والی بال کے مقابلے منعقد ہوئے جن کا افتتاح ایم این اے چوہدری شہباز بابر اورمسلم لیگی رہنما کاشف نواز رندھاوا نے کیا۔اسی طرح تحصیل تاندلیانوالہ میں ایم این اے رجب علی بلوچ اورایم پی اے جعفر علی ہوچہ نے مقابلوں کا افتتاح کیا اور تحصیل چک جھمرہ میں رسہ کشی کے مقابلے منعقد ہوئے جس میں ایم پی اے آزاد علی تبسم کے صاحبزادے آصف تبسم نے بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔رسہ کشی کے مقابلے میں یونین کونسل نمبر 8 نے مقابلہ جیت لیا۔
———————–
———————
زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن سکھرکا بی بی اے کے ڈگری پروگرام مشتر کہ شروع کرنے پر اتفاق
فیصل آباد ( ایچ ایس این)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) سکھر نے بی بی اے کے مشترکہ ڈگری پروگرام کو شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔دونوں اداروں نے اس حوالے سے باقاعدہ معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں تاکہ زرعی گریجوایٹس کو مینجمنٹ ‘ اکائونٹس ‘ فنانس اور کمیونی کیشن میں مہارت کے ساتھ ساتھ بزنس ایڈمنسٹریشن و مینجمنٹ کے ماہرین کو زرعی پیش رفت اور ضروری معلومات سے مہمیز کیا جا سکے۔معاہدے پر دستخط کی تقریب یونیورسٹی کے نیو سنڈیکیٹ ہال میں منعقد ہوئی جہاں زرعی یونیورسٹی فیصل آبادکے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں اور آئی بی اے سکھر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر نثار احمد صدیقی نے معاہدے کی دستاویزات پر دستخط کئے۔دونوں اداروں نے اس امر سے بھی اتفاق کیا ہے کہ مشترکہ کمیٹی کے ذریعے بہترین سلیبس ترتیب دیا جائے گا تاکہ ممکنہ اہداف کامیابی سے حاصل کئے جا سکیں۔ اس موقع پر زرعی یونیورسٹی فیصل آبادکے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاںنے بتایا کہ یونیورسٹی میں آئندہ بیس برسوں کی ضروریات اور داخلوں کے متوقع خدوخال کو سامنے رکھتے ہوئے ویژن 2030ء ترتیب دیا گیا ہے تاکہ مستقبل کی ضروریات کیلئے ابھی سے پیش بندی کر لی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران یونیورسٹی میں فرسٹ ڈگری پروگرامز کی تعداد کو پچاس تک بڑھادیا گیا ہے جبکہ مغرب ‘ امریکہ اور دیگر ترقی یافتہ جامعات میں ایسے ڈگری پروگرامز کی تعداد 300کے لگ بھگ ہوتی ہے۔ آئی بی اے سکھر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر نثار احمد صدیقی نے اپنے ادارے کے عمومی تعارف میں بتایا کہ ان کے 90فیصد سے زائد گریجوایٹس پرائیویٹ شعبہ میں خدمات سرانجام دیتے ہیں اور وہ اپنے نوجوانوں کو زرعی معیشت کے حامل ملک میں زراعت سے وابستہ سرگرمیوں اور کاروباری اُمور سے مہمیز کرکے پیشہ وارانہ کارکردگی میں نمایاں اضافہ کے آرزو مند ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ معاہدے کے بعد زرعی گریجوایٹس کی ابلاغیاتی مہارتوںمیں اضافہ کے ساتھ ساتھ ان میں اکائونٹس’ فنانس اور مینجمنٹ کے اُمور بہترانداز میں سرانجام پا سکیں گے جو انہیں ایک اچھا مینیجربنانے میں دیرپا بنیاد فراہم کریں گے۔معاہدے کی تقریب میں سابق سیکرٹری زراعت پنجاب کیپٹن (ر) عارف ندیم ‘ یونیورسٹی کے آئی بی اے ٹیم کے ساتھ ساتھ رجسٹرار چوہدری محمد حسین’ ڈائریکٹر بیرونی روابط ڈاکٹر اشفاق احمدچٹھہ اور دیگر بھی موجود تھے۔
———————–
———————
نوجوان، سافٹ ویئر ، انٹرنیٹ اور موبائل فونزکے شعبے کا حصہ بن کرملکی معیشت کو آگے بڑھا سکتے ہیں، پروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں
فیصل آباد ( ایچ ایس این)کمپیوٹر کے شعبہ سے وابستہ نوجوان اور سافٹ ویئر ماہرین انٹرنیٹ اور موبائل فونزکے شعبہ میں ہونے والی برق رفتار تبدیلیوں کا حصہ بن کرپاکستا ن میں علم کی بنیاد پر معیشت کے خدوخال استوار کرتے ہوئے اپنے ساتھ ساتھ ملک کیلئے کثیرزرمبادلہ کماسکتے ہیں۔ یہ باتیں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں نے شعبہ کمپیوٹر سائنسز کے زیراہتمام کمپیوٹرکے شعبہ میں جدیدٹیکنالوجی اورنئے رجحانات کے حوالے سے ایک روزہ سیمینار کے افتتاحی سیشن سے خطاب میں کہیں۔ یونیورسٹی کے ویڈیو کانفرنس روم میں منعقدہ سیمینار خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس نے حال ہی میں چاربی ایس پروگرامز شروع کرکے اہم پیش رفت کی ہے اور وہ خواہش رکھتے ہیں کہ مستقبل قریب میں شعبہ اپنا سافٹ ویئر ہائوس قائم کرے جہاں نوجوانوں کو بین الاقوامی ضروریات اور جاب مارکیٹ کے مطابق تربیت فراہم کی جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ یورپ کے چھوٹے چھوٹے ممالک کی معیشت موبائل فونز کی مینوفیکچرنگ اور سافٹ ویئرڈویلپمنٹ پر مبنی ہے لہٰذا پاکستان میں زراعت کے ساتھ ساتھ دوسرے شعبوں میں بھی علم کی بنیا د پر معیشت کو آگے بڑھایا جانا چاہئے۔ سیمینار سے ڈین کلیہ سائنسز پروفیسرڈاکٹر محمد جاوید’چیئرمین شعبہ کمپیوٹر سائنس تسلیم مصطفی’ احسن رضا ستار ‘عبدالمجید’ تنویر احمد’ بلال ظفر’ شمس الحسن’ سلمان افسراعوان اور عائشہ غفار نے بھی خطاب کیا اور کمپیوٹر سائنس کے شعبہ میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال’ فروغ اور اس میں روزگار کے مواقعوں پر روشنی ڈالی۔
———————–
———————