فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کیخلاف اہلسنت والجماعت کا دھرنا ختم

 Ahle Sunnat Wal Jamaat Protest

Ahle Sunnat Wal Jamaat Protest

کراچی (جیوڈیسک) فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف کراچی میں اہلسنت والجماعت نے ریلی نکالی اور دھرنا دیا، پولیس چیف اور کمشنر کراچی سے مذاکرات کے بعد دھرنا ختم کر دیا گیا، مولانا احمد لدھیانوی نے کہا ہے کہ ملک کو کمزور اور عدم استحکام پیدا کر نے کی سازشیں کی جا رہی ہیں۔

کراچی میں ناگن چورنگی سے اہلسنت والجماعت کی احتجاجی ریلی کا آغاز ہوا۔ گرو مندر پہنچ کر شرکاء سے خطاب میں اہلسنت والجماعت کے سربراہ مولانا احمد لدھیانوی کا کہنا تھا کہ سازشی عناصر کو پر امن اور مستحکم پاکستان برداشت نہیں ہے۔

علامہ اورنگزیب فاروقی نے کہاکہ کسی بھی طاقت کو امن و امان سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے، ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے صرف ایک ضلع میں دفعہ 144 زیادتی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے ریلی کے شرکاء کو ایرانی قونصلیٹ جانے کی اجازت نہ ملنے پر مظاہرین نے دھرنا دیا۔

بعدازاں کراچی پولیس چیف اور کمشنر کراچی نے دھرنے کے شرکاء سے ملاقات کی اور تحفظات دور کر نے کی یقین دہانی کے بعد اہلسنت والجماعت نے دھرنا ختم کر نے کا اعلان کر دیا۔