کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ سائٹ ٹاؤن میں شعبہ غیر ملکی کے طلبہ کے تعلیمی سال کے اختتام پر ایک پروقار اور منفرد سالانہ تقریب بعنوان البرنامج السنوی 2017ء کا انعقاد کیا گیا، 46 ممالک کے طلبہ نے مختلف معاشرتی اور فقہی موضوعات پر خاکے اور مکالمے پیش کیے، جبکہ پاکستان کا قومی ترانہ 40ممالک کے غیر ملکی طلبہ نے خوبصورت آواز میں پڑھ کر شرکاء سے خوب داد حاصل کی اس موقع پرپورے سال اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ اور اساتذہ میں خصوصی شیلڈز اور انعامات بھی تقسیم کیے گئے ، تقریب میں انڈونشیاء، ملیشیاء اور تھالینڈ کے سفیر قونصل جنرل ،شہر بھر کے دینی مدارس کے نمائندوں او ر مختلف ممالک کے وفود ، سیاسی وسماجی شخصیات نے شرکت کی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے کہاکہ مدارس پر تنقید کرنے والے ہمیشہ رسواء ہوں گے ،مدارس کیخلاف پروپگنڈا کرنے والے عناصر مدارس سے ناواقف ہیں کیونکہ دنیا بھر کے میڈیا بالخصوص مغربی میڈیا نے مدارس کیخلاف ذہنوں میں زہر بھرنے کی کوشش کی اس کے باوجود مدارس میں پڑھنے آنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہاہے ، انہوں نے کہاکہ اس وقت جامعہ بنوریہ عالمیہ میں 46ممالک کے طلبہ زیر تعلیم ہیں یہ تعداد ہر سال بڑھتی ہے اور ہمارے انتظامات کم پڑھ جاتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ مدارس دین اسلام کی تعلیمات کو عام کررہے ہیں اللہ نے اپنے دین میں لچک رکھی ہے جتنا اس کو دبایا جائے اتنا یہ ابھرتاہے ،یہی وجہ ہے اللہ تعالیٰ نے مدارس کو ہمیشہ دشمنوں کی چالوں سے محفوظ رکھا، انہوں نے کہاکہ اس وقت بھی عالم اسلام اور مدارس کیخلاف سازشیں عروج پر ہیں، دشمن وطن عزیز کی نظریاتی سرحدات کو سیکولرازم کے ذریعے پامال کرنا چاہتے ہیں اس کیلئے ضروری ہے کہ مدارس طلبہ کو جدید علوم سے آراستہ کریں اور جدید طرز تعلیم اور ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھائیں ، انہوں نے کہاکہ اسلام ہمیں اتحاد وبھائی چارگی اورباہم محبت کا درس دیتاہے ہمیں فروعی ، لسانی اور مسلکی اختلافات کو بھلا کر ایک پلیٹ فارم میں جمع ہونے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک اسلامی ریاست ہے اس میں کبھی بھی ارباب حکومت نے مدارس میں خود آکر دیکھنے کی کوشش نہیں کی ہم بار ہا دعوت دیتے ہیں کہ مدارس پر دہشتگردی کے الزامات لگانے سے پہلے وہ مدارس میں آخر دیکھیں یہاں کیا تعلیم دی جاتی ہے اور کیا پڑھایا جاتاہے ، ،انہوں نے کامیاب تقریب پر جامعہ بنوریہ عالمیہ شعبہ غیر ملکی کے نگران اساتذہ اور انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ شاندار سالانہ پروگرام اساتذہ اور یہاں کی انتظامیہ کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے کہ آج اس اسٹیج اور طلبہ کے مکالموں، خاکے اور دیگر پروگرامات دیکھ کر دل کو خوشی ہوئی ،اس موقع پر انڈونشین اور ملیشیئن سفیر نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور جامعہ بنوریہ عالمیہ کی اسلامی تعلیم کے فروغ کی کوششوں کو سراہا اور کہاکہ جامعہ بنوریہ عالمیہ ایک عالمی سطح کا مثالی ادارہ ہے ،جامعہ بنوریہ شعبہ غیر ملکی کے نگران مولانا نعمان نعیم نے تقریب میں آئے ہوئے مہانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کے پروگرامات کے انعقاد کا مقصد دنیا کو یہ پیغام دیناہے کہ مدارس ہر طرح سے طلبہ پر محنت کررہے ہیں کسی بھی میدان میں پیچھے نہیں ہیں، تقریب کے آخر میں عشائیہ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔