کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے ملیر اور کورنگی سیکٹر کے کارکنوں کے قتل کی شدید مذمت کی ہے، انکا کہنا تھا کہ شہدا کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا۔ الطاف حسین نے کراچی میں مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیو ایم ملیر سیکٹر یونٹ 101 کے کارکن سید عمران عباس رضوی اور کورنگی سیکٹر یونٹ 75 کے کارکن ثاقب کے قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور واقعے کو ایم کیو ایم دشمنی اور شہر کا امن تباہ کرنے کی سازش قرار دیا ہے۔
لندن سے جاری اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے شہید کارکنان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی، ان کا کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں مجھ سمیت ایم کیو ایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ اللہ تعالیٰ شہدا کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔