کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان راجونی اتحاد میں شامل ایم آر پی چیئرمین امیر پٹی ‘ خاصخیلی رہنما سردار غلام مصطفی خاصخیلی ‘ سولنگی رہنما امیر علی سولنگی ‘راجپوت رہنما عارف راجپوت ‘ ارائیں رہنما اشتیاق ارائیں ‘ مارواڑی رہنما اقبال ٹائیگر مارواڑی ‘ بلوچ رہنما عبدالحکیم رند ‘ عمرا ن چنگیزی ‘میمن رہنما عدنان میمن‘ہیومن رائٹس رہنما امیر علی خواجہ اورخان آف بدھوڑہ یحییٰ خانجی تنولی و دیگر نے کہا ہے کہ مہنگائی کے باعث عوام کی گھٹتی ہوئی قوت خرید اور اشیائے ضروریہ کے بڑھتے ہوئے نرخ اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام کو سہانے خواب دکھاکر دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں آنے والا استحصالی ٹولہ گورننس کی اہلیت سے محروم اور کرپشن و کمیشن کی لعنت کا شکار ہے۔
سوائے قومی خزانے کی لوٹ مار اور عوام پر ٹیکس لگاکر عیاشیاں کرنے کے سوا حکمرانوں کو کچھ اور نہیں آتا جس کی وجہ سے نہ صرف بد امنی اور محکماتی کرپشن ‘ سفارش اور رشوت عا م ہے بلکہ عوام مہنگائی ‘ بیروزگاری ‘ مسائل اور مصائب کے ساتھ توانائی بحران سے دوچار اور گیس و بجلی کے لوڈ شیڈنگ کے ساتھ پانی کی عدم دستیابی اور کچرے کے ڈھیر و تباہ شدہ سیوریج کے نظام کے تعفن زدہ ماحول میں زندگی گزارنے اور ٹوٹی سڑکوں پر گھنٹوں ٹریفک جان میں پھنسے رہنے پر مجبور ہیں کیونکہ انہوں نے انتخابات میں شخصیت پرستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں لٹیروں اور ان کی باقیات کو چنا جو عرصہ سے ان کا استحصال کرتے ہوئے دولتمند ترین بن چکے ہیں۔
عوام کو مفلس ترین بنائے جارہے ہیں اور اگر آئندہ انتخابات میں بھی عوام نے درست فیصلہ نہیں کیا تو پھر استحصالی طبقات پر مشتمل سیاستدان ‘ حکمران اور سیاسی جماعتیں عوام کیساتھ فرعون ‘ نمرود ‘ شداد اور یزید سے زیادہ بھیانک سلوک کریں گی۔