راولپنڈی (جیوڈیسک) صوبائی محکمہ تعلیم سکولز کی ہدایت پر محکمہ تعلیم راولپنڈی نے ضلع بھر کی تحصیلوں میں سکیورٹی کے نام پر اضافی فیسیں وصول کرنے والے سکولوں کے خلاف سخت کارروائی کافیصلہ کر لیا، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر ز کواختیارات دے دیئے گئے جو روزانہ کی بنیاد پر پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو چیک کریں گے جوسکول سکیورٹی کے نام پر اضافی فیس لینے میں ملوث پایا گیا پہلے مرحلہ میں وارننگ اور دوسرے مرحلہ میں اس کی رجسٹریشن منسوخ کردی جائے گی۔
صوبائی محکمہ تعلیم راولپنڈی نے راولپنڈی میں ای ڈی او ایجوکیشن کو ہدایت کی ہے کہ متعلقہ اضلاع میں سکیورٹی کے نام پر زائد فیسیں وصول کرنے والے سکولوں کے خلاف کارروائی کریں اس ضمن میں اے ای اوز سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ بھی طلب کرلی گئی۔
اے ای او سٹی حفیظ ستی نے بتایاکہ ای ڈی او ایجوکیشن قاضی ظہور الحق کی ہدایت پر سکولوں کی سکیورٹی کو یقینی بنالیا گیا ہے، ایسی شکایات ملی تھیں کہ بعض سکولوں نے سکیورٹی کے نام پر فیسوں میں اضافہ کر دیا ہے اس ضمن میں ہمیں اختیارات دے دیئے گئے ہیں کہ جو بھی سکول سکیورٹی کے نام پر اضافی فیس وصول کرے گا اس کے خلاف کارروائی کریں۔