لندن (جیوڈیسک) سیکیورٹی خدشات کے سبب برطانیہ کے ہوائی اڈوں کی سیکیورٹی بھی بڑھا دی گئی، امریکا نے خبردار کیا تھا کہ شام اور یمن سے تعلق رکھنے والے القاعدہ کے دہشتگرد ایسے بم تیار کر رہے ہیں جنہیں طیاروں تک باآسانی پہنچایاجا سکتا ہے۔ امریکا کی درخواست پران تمام ممالک کے ہوائی اڈوں کی سیکیورٹی بڑھائی جارہی ہے جہاں سے امریکا کے مختلف شہروں کو نان اسٹاپ فلائٹس جاتی ہیں۔
برطانیہ کے ہوائی اڈوں پر سیکیورٹی بڑھانے پر مسافروں کو کچھ دشواری تو ہوئی ہے مگر ماہرین کہتے ہیں اس کی ضرورت تھی۔ شام کے النصرہ فرنٹ اور یمن کےالقاعدہ گروپ کے بارے میں امریکا کا دعویٰ ہے کہ وہ ایسا دھماکا خیز مواد تیار کر رہےہیں جو موجودہ اسکریننگ نظام کو دھوکا دے سکتا ہے۔
امریکا اور یورپ سے ہزاروں دہشتگرد شام جاکر لڑتے رہے ہیں اور خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ امریکا اور یورپ کی پروازوں کو تباہ کرسکتے ہیں۔ امریکا کی طرح برطانیہ بھی دہشتگردی کا شکار ہو چکا ہےاور اب کئی سیاستدان خدشہ ظاہر کر رہے ہیں کہ ملک میں بڑھتی انتہا پسندی کو روکا نہیں جارہا۔