کراچی (جیوڈیسک) کراچی، سکھر، حیدر آباد اور کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں موبائل سروس بند رہے گی۔ پنجاب بھر میں دو دن کے لئے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی۔
محرم الحرام میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کراچی سمیت سندھ کے پانچ شہروں میں موبائل فون سروس بند کر دی گئی ہے۔ حیدر آباد اور سکھر میں بھی موبائل فون بند کر دئیے گئے ہیں۔ شہر قائد میں نو محرم کا جلوس مرکزی امام بارگاہ سے برآمد ہوگا جو امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارادر پہنچ کر ختم ہو گا۔
ٹریفک پولیس کراچی نے نو اور دس محرم کے مرکزی جلوسوں اور ٹریفک کے متبادل راستوں کا اعلان کر دیا ہے۔ صرف مخصوص اسٹکرز والی گاڑیوں کو ان جلوس کے روٹ پر آنے کی اجازت ہو گی۔ کوئٹہ میں بھی یوم عاشورہ کو موبائل سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کے مطابق صوبے کے تیرہ اضلاع کو حساس قرار دیا گیا ہے آج اور کل پنجاب بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہو گی۔ خوشاب ، میانوالی ، بھکر اور سرگودھا میں 9 اور 10 محرم کو موبائل فون سروس بند رہے گی۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں دس محرم کا مرکزی جلوس رات گیارہ بجے نثار حویلی سے برآمد ہو گا۔ جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا جمعے کی شام کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔ شہر میں کئی چھوٹے بڑے ماتمی جلوس بھی برآمد ہونگے۔