سیکورٹی خدشات کے پیش نظر ریلوے پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ ‘ریلوے اسٹیشنز پر پولیس کمانڈوز تعینات کئے جائینگے

لاہور (پی پی سی)ریلوے حکام کا عیدالفطر کے بعد تمام ٹرینوں میں ٹریکنگ سسٹم لگانے کا فیصلہ جبکہ سیکورٹی خدشات کے پیش نظر ریلوے پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں’ ریلوے اسٹیشنز پر پولیس کمانڈوز بھی تعینات کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق ریلوے حکام کو عید کے موقع پر سیکورٹی خدشات ہیں جس کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

لاہور سمیت ملک بھر کے تمام بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر پولیس کمانڈوز بھی تعینات کئے جائیں گے اور ٹرینوں میں بھی پولیس اہلکاروں کے ساتھ کمانڈوز کو بھی رکھا جائے گا جبکہ دوسری طرف ریلوے نے ٹرینوں میں ٹریکنگ سسٹم لگانے کا فیصلہ کیا ہے جس کا مقصد ٹرینوں کی مانیٹرنگ کرنا ہے۔ ریلوے ذرائع کے مطابق ٹرینوں کے انجن ویرانے میں فیل ہونے کی وجہ سے مسافروں کو مشکلات کا شکار کرنا پڑتا ہے اور عوام کو مشکلات سے بچانے اور ٹرینوں کی آمدورفت کو یقینی بنانے کیلئے ٹریکنگ سسٹم لگائے جائیں گے۔