نیویارک (جیوڈیسک) انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے سالانہ رپورٹ جاری کر دی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل عام شہریوں کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں بھارت میں انسانی حقوق کی صورتحال کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بھارت میں مودی سرکار کے اقتدار میں آنے کے بعد فرقہ وارانہ فسادات میں اضافہ ہوا ہے۔ انتہا پسند ہندؤوں نے مسلمانوں اور عیسائیوں سے جبری طور پر مذہب تبدیل کرایا۔
انتخابات میں بھارتی سیاستدان اشتعال انگیز تقاریر کرتے پائے گئے۔ مقبوضہ کشمیر سمیت متعدد مقامات پر لوگوں کی زندگیوں کو مستقل خطرات لاحق ہیں۔ رپورٹ میں پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے، رپورٹ کے مطابق پاکستانی صحافیوں کی ہلاکت پریشان کن امر ہے۔ 2014 میں 8 صحافی پیشہ ورانہ خدمات انجام دیتے ہوئے مارے گئے۔
آرمی پبلک سکول پشاور میں دہشت گرد حملے کو بدترین سانحہ قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اقوامِ متحدہ عام شہریوں کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ تنظیم نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ جب معاملات بڑے پیمانے پر نسل کشی اور مظالم کے ہوں تو وہ ویٹو کا حق استعمال نہ کریں۔