نیویارک (جیوڈیسک) یوکرین کے علاقے کریمیا میں روسی فوج کی مداخلت اور سرحد پر کارروائیوں کے بعد اقوام متحدہ نے ہنگامی طورپر سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کر کے روس سے اپنی فوجیں واپس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔
یوکرین کے بحران پر طلب کئے جانے والے سلامتی کونسل کے اجلاس میں روس پر زور دیا گیا کہ وہ فوری طور پر کریمیا سے اپنی فوجیں واپس بلائے، سلامتی کونسل کے اجلاس کو بتایا گیا کہ روسی فوج نے یوکرین کی سرحد پر شمالی کریمیا کے قریب پوزیشنیں سنبھال لی ہیں جو موجودہ صورتحال کو مزید بگاڑنے کا سبب بنے گا۔
دوسری جانب یوکرینی صدر کا کہنا تھا کہ روس نے اپنے ایک ہزار فوجی کریمیا میں داخل کردیئے ہیں جو یوکرین حکومت کے خلاف سرگرم گروپوں کی تربیت کررہے ہیں۔ یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ روسی فوج نے پیش قدمی کرتے ہوئے سرحدی علاقے نووازوک اور قریبی دیہات پر قبضہ کرلیا ہے جبکہ اسی علاقے میں یوکرینی فوج نے اپنا ہیڈ کوارٹر بھی بنا رکھا ہے۔
واضح رہے کہ یوکرین کے شمالی علاقے میں روس نواز علیحدگی پسندوں کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں کے بعد یوکرین اور روسی حکومت کے درمیان تعلقات شدید کشیدہ ہیں۔