کروڑ لعل عیسن کی خبریں 18/2/2014

پولیس پر فائرنگ کرنے کے ملزم کی ضمانت منظور
کروڑ لعل عیسن (کورٹ رپورٹر)پولیس پر فائرنگ کرنے کے الزام میں ملزم کی ضمانت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کروڑ ملک ریاض احمد کھوکھر نے منظور کر لی۔ مقدمہ نمبر 16/14 میں تھانہ فتح پور نے بجرم زیر دفعہ324/427/353/186/148/149اور 337/F میں ملزم مبشر احسان کے خلاف چالان معزز عدالت میں پیش کیا ملزم مبشر احسان کے وکیل مہر محمد ریاض سیال نے عدالت میں اپنے دلائل دیے کہ پولیس رات کے اندھیرے میں بغیر سرچ وارنٹ گھر کی چاردیواری پھلانگ کر گھر میں زبر دستی داخل ہوئی اور ملزم اور گھر کی خواتین کو دھکے دیے اور بد تمیزی کی جس کی وجہ سے ملزم کے خلاف بے بنیاد اور جھوٹا پرچہ درج کر دیا تاکہ ملزم اور اس کے گھر والے پولیس کے خلاف کوئی شکائت نہ کریں۔یہ مقدمہ سیاسی بنیاد پر اور بد نیتی پر بنایا گیا ہے۔ پولیس کو یہ حق کس نے دیا کہ وہ رات کی تاریکی میں کسی بھی شہری کے گھر میں بغیر کسی عدالتی حکم نامہ کے داخل ہو۔معزز عدالت نے مہر محمد ریاض سیال ایڈووکیٹ کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے ملزم مبشر احسان کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کر لی۔ واضح رہے کہ تھانہ فتح پور پولیس 22 جنوری 2014 کی رات کو ایک لڑکی جس نے اپنے مرضی سے ملزم مبشر احسان کے بھائی منصور احسان سے شادی کر لی تھی کو برآمد کرنے کی غرض سے گھر میں چاردیواری پھلانگ کر زبرستی داخل ہوئی تھی اور وہاں پر موجود خواتین اور مردوں کو مارا پیٹا اور ایک ملزم مبشر احسان کو گرفتا رکیا تھا۔ اور مذکورہ لڑکی نے عدالت میں اپنی مرضی سے شادی کرنے اور اپنے خاوند منصور احسان کے ساتھ جانے اور رہنے کے بیان دے دیے تھے۔
————————
———————
پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کو محنت، جانفشانی سے سرانجام دیتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کر کے پرامن معاشرے کے قیام کے لیے خدمات سر انجام دیں
لیہ (نامہ نگار) پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کو محنت، جانفشانی سے سرانجام دیتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کر کے پرامن معاشرے کے قیام کے لیے خدمات سر انجام دیں ۔ مرحلہ وار ٹرنینگ دینے کا بنیادی مقصد ذہنی و جسمانی صلاحیت میں اضافہ کر کے پولیس کو مزید فعال بنا نا ہے ۔یہ بات ڈی پی او لیہ غازی محمد صلاح الدین نے جنرل گارد ڈیوٹی ٹرنینگ کورس کے مکمل ہونے پر پولیس لائن میں منعقد ہ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی تفصیل کے مطابق ڈی پی او کو پولیس لائن پہنچنے پر چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او نے ٹرنینگ مکمل کرنے والے افسران و اہلکاران کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ٹرنینگ کا مقصد ڈسپلن پید ا کرنے کے ساتھ ساتھ مستعد،چاک و چوبند اور مکمل مہارت یافتہ بنانا ہے تاکہ دوران ڈیوٹی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں احسن طریقہ سے سرانجام دے سکیں جبکہ تربیت حاصل کرنے والے جوانوں نے وپین ہینڈلنگ اور مائونٹ ،ڈس مائونٹ کا عملی مظاہرہ کیا ڈی پی او نے تفصیلات بتاتے ہو ئے کہا کہ آئی جی پنجاب لاہورکی ہدایت پر مرحلہ وار ٹرنینگ کا شیڈول ترتیب دیا گیا ہے جوکہ تربیتی کورس نو مراحل پر مشتمل ہے اور ہر مرحلہ میں 40 اہلکاران کی تربیت کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ 30 روزہ کورس کے دوران ایلیٹ کمانڈوز و دیگر انسٹرکٹر اہلکاران کو فزیکل ٹرنینگ ،مارشل آرٹ ،ماونٹ ڈس ماونٹ ،اسلحہ کھولنے جوڑنے،فائر پریکٹس ،ناکہ بندی ،فیلڈ کرافٹ اور ریڈ کی تکنیک سمیت دیگر ایسے امور کی تربیت شامل ہے جس سے پولیس کی پیشہ وارانہ صلاحیت میں اضافہ ہو گا بعد ازاں ڈی پی او نے تربیت مکمل کرنے والے افسران و اہلکاران میں اسناد تقسیم کیں۔
————————
———————
انشاء اللہ دوستوں کے معیار پر پورا اتریں گے: صاحبزادہ فیض الحسن
کروڑ لعل عیسن (نامہ نگار) انشاء اللہ دوستوں کے معیار پر پورا اتریں گے۔ وقتی بحران جلد ختم ہونے والا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایم این اے صاحبزادہ فیض الحسن نے گزشتہ رات مخدوم قمر الزمان قریشی کی جانب سے دیئے گئے عشایئے میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جن دوستوں ، ووٹروں اور سپورٹروں نے میرا ساتھ دیا۔ اور مجھے بھاری اکثریت سے ایم این اے منتخب کروایا۔ ان کو کبھی نہیں بھول سکتا۔ کچھ مجبوریاں اور حالات ایسے بن گئے ہیں تا ہم وقتی بحران جلد ختم ہونے والا ہے۔ انشاء اللہ تمام دوستوں کو ساتھ کے کر چلوں گا۔ عشایئہ میں معروف عالم دین قاری محمد اشفاق سعیدی گولڑوی ، ایم ایس کروڑ ڈاکٹر محبوب حسنین قریشی ، سابق صدر انجمن تاجران طارق محمود پہاڑ ، پاکستان عوامی تحریک کے ضلعی صدر عادل شاہجہان قریشی، سابق ممبر ضلع کونسل چوہدری شاہد عزیز گجر ، ایکسیئن واپڈا ملک نعیم اختر سامٹیہ ، حاجی عامر خلیل ، پیر محمد یعقوب شاہ قریشی، آفتاب شاہ قریشی ، ماسٹررانا عبدالستار، چوہدری جان محمد سمیت درجنوں افراد موجود تھے۔
————————
———————
فتح پور کے بعد کروڑ لعل عیسن میں بھی تجاوزات کے خلاف جلد آپریشن کیا جائے گا
کروڑ لعل عیسن (نامہ نگار) فتح پور کے بعد کروڑ لعل عیسن میں بھی تجاوزات کے خلاف جلد آپریشن کیا جائے گا۔ ناجائز تجاوز کرنے والوں کو ہر گز رعایت نہیں دی جائے گی۔ یہ بات اے سی کروڑ محمد اختر منڈھیرا نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت کی جانب سے ہدایات کی روشنی میں ناجائز تجاوزات کے خلاف کروڑ لعل عیسن میں آپریشن چند روز میں کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
————————
———————
مارکیٹ کمیٹی فتح پور کی جانب سے کروڑ لعل عیسن کی منڈیوں میں کسی قسم کی کوئی سہولت نہیں دی جا رہی ہے
کروڑ لعل عیسن (نامہ نگار) مارکیٹ کمیٹی فتح پور کی جانب سے کروڑ لعل عیسن کی منڈیوں میں کسی قسم کی کوئی سہولت نہیں دی جا رہی ہے۔ خصوصاً سبزی منڈی کروڑ میں بجلی، پانی، اور صفائی کا سرے سے کوئی انتظام ہی نہیں۔ جس کے باعث منڈی میں گندگی کے ڈھیر لگے رہتے ہیں۔ پانی کی موٹر اور نلکا نہ ہونے سے آڑھتیوں اور خریداروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ اسی طرح سٹریٹ لائٹس کا بھی کوئی انتظام نہیں۔ انجمن آڑھتیان کے صدر طارق پہاڑ نے ڈی سی او لیہ ندیم الرحمان اور مارکیٹ کمیٹی کے حکام سے مطالبہ کیا کہ کروڑ منڈی میں صفائی، لائٹنگ اور پانی کے نظام کی سہولت فراہم کی جائے۔
————————
———————