بیجنگ (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ پاک فوج سی پیک کے لیے سلامتی کی ضمانت دینے کے لیے تیار ہے اور دو طرفہ تعاون کے فروغ کے لیے محفوظ ماحول قائم کرنے پر بھی تیار ہے۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے چینی وزیراعظم لی کی جیانگ سے ملاقات کی اس دوران چینی وزیراعظم نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ممالک کے درمیان عملی تعاون کا مظہر ہے جب کہ قریبی تعلقات اقتصادی شعبے میں خصوصی تعاون کی ضمانت ہیں اور اس منصوبے سے خطے میں ترقی او ر استحکام آئے گا۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پاک فوج سی پیک کے لیے سلامتی کی ضمانت دینے کے لیے راضی ہے اور دو طرفہ تعاون کے فروغ کے لیے محفوظ ماحول قائم کرنے پر بھی تیار ہیں جب کہ دونوں ممالک کی افواج میں دوستانہ تعلقات سے پاک چین دوستی گہری ہورہی ہے۔
اس سے قبل ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے ٹوئٹر پر پیغام میں کہا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف 2 روزہ دورے پر چین میں موجود ہیں جہاں آرمی ہیڈکوارٹر میں انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ جنرل راحیل شریف چین کی اعلی سیاسی شخصیات کے علاوہ فوج کی دیگر اعلی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔