سیکورٹی اداروں کو کرپشن وسیاسی تسلط سے پاک کیا جائے: نیشنل پیس کمیشن

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیشنل پیس کمیشن برائے بین المذاہب ہم آہنگی کے چیئرمین ڈاکٹر فتاح میمن’ انسانی حقوق ونگ کے مرکزی جنرل سیکریٹری امیر علی خواجہ’ سندھ کے چیئرمین سیدخالد محمودشاہ اور انفارمیشن سیکریٹری عمران چنگیزی نے پاکستان میں بڑھتے ہوئے تشدد و انسانی حقوق کی پامالیوں پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ دوسالوں کے دوران 892 خواتین کے غیرت کے نام پر قتل ‘415 خواتین کی اجتماعی آبروریزی اور 101 خواتین پر تیزاب پھینکے جانے کے انسانیت سوز واقعات کیحوالے سے قومی اسمبلی میں جو رپورٹ پیش کی گئی ایسے افسوسناک واقعات کی تعداد ان اعدادوشمار سے کہیں زیادہ ہے جو رپورٹ میں دکھائے گئے ہیں اسکی وجہ یہ ہے کہ پاکستان میں قانون پر عملدرآمد کا نظام انتہائی کمزور ہے۔

کرپشن و طبقاتی جکڑبندیوں کے ساتھ قانون نافذ کرنے والے اداروں پر سیاسی جبر انسانی حقوق کی پامالیوں کا باعث اور انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ بن رہا ہے اسلئے پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کرپشن سے پاک اور سیاسی تسلط سے آزاد کیا جائے اور عدل ومساوات کا معاشرہ قائم کرکے انصاف کی فراہمی کی رفتار میں اضافہ کیا جائے تو انسانی حقوق کی پامالیوں کے واقعات میں کمی لائی جاسکتی بصورت دیگر ایسے واقعات میں ہوتا ہوا روز افزوں اضافہ ہمیں دور حیوانیت کی جانب دھکیل رہا ہے جو کسی بھی طور خوش آئند نہیں ہے۔