اسلام آباد (جیوڈیسک) اجلاس سے خطاب میں وزیر داخلہ چودھری نثار نے سول سیکیورٹی اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے درمیان روابط بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
سیکیورٹی ادارے چیلنجز سے نمٹے کے لئے مربوط حکمت عملی اپنائیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سول سیکیورٹی ادارے عوام کے جان ومال کے تحفظ میں نمایاں کر دار ادا کر رہے ہیں۔ فرائض کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے سکیورٹی اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ چودھری نثار نے کہا کہ سول سیکیورٹی اداروں کی مالی مشکلات سے پوری طرح آگاہ ہوں۔
سیکیورٹی اخراجات کو سیکیورٹی پر سرمایہ کاری سمجھتا ہوں۔ حکومت نے رواں سال سیکیورٹی اداروں کے لئے 30 بلین روپے مختص کئے ہیں۔ وزیر داخلہ نے سول آرمڈ فورسز کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی سیکیورٹی اداروں کی جانب سے حاصل ہونے والی کامیابیوں سے میڈیا اور قوم کو آگاہ رکھا جائے۔
اجلاس میں ڈی جی اینٹی نارکوٹکس، آئی جی ایف سی بلوچستان، آئی جی ایف سی خیبر پختونخوا، ڈی جی رینجرز سندھ، ڈی جی رینجرز پنجاب، ڈی جی کوسٹ گارڈز، ڈی جی سکائوٹس گلگت بلتستان، ڈی جی سول ڈیفنس اور وزارت داخلہ کے حکام نے شرکت کی۔