کراچی (اسٹاف رپورٹر) یوم علی کے موقع پر کراچی میں سیکورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے حکومتی سیکورٹی اقدامات پر تبصرہ کرتے ہوئے گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ گجراتی سرکار امیر سولنگی المعروف سورٹھ ویر نے کہا کہ عوام الناس کو مذہبی و دیگر ایام پر مکمل سیکورٹی کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
یوم علی کے موقع پر حکومت اس ذمہ داری کو نبھانے کیلئے اقدامات بھی کر رہی ہے مگر سیکورٹی کے نام پر کنٹینرز لگاکر گلیوں اور سڑکوں کی بندش کے ذریعے عوام کو تحفظ کا احساس دلانا احمقانہ پن کے سوا کچھ بھی نہیں ہے کیونکہ اس سے دہشتگردوں کو تو کوئی فرق نہیں پڑتا مگر عوام ٹریفک جام اور کاروبار کی بندش کے بد ترین مسائل سے دوچار ہوجاتے ہیں۔
جبکہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی سے بھی ماسوائے عوام کی تکلیف و پریشانی کے مثبت و خاطر و خواہ کبھی برآمد نہیں ہوئے اسلئے موٹر سائیکل ڈبل سواری پابندی’ گلیوں اور سڑکوں کی کنٹینرز کے ذریعے بندش جیسے ڈھکوسلہ اقدامات کرنے کی بجائے حکمران طبقہ قانون کی مکمل اجارہ داری و پاسداری’ سیکورٹی اداروں سے کرپشن و کالی بھیڑوں کے خاتمے کے ذریعے عوام کو حقیقی تحفظ کی فراہمی کے حقیقی اقدامات کرے۔