اسلام آباد (جیوڈیسک) مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر اپنا دورۂ پاکستان منسوخ کردیا ہے۔ تاہم وزارتِ خارجہ اور وزارتِ داخلہ کے حکام سے ڈان کو معلوم ہوا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد سیکیورٹی کی صورتحال کی وجہ سے یہ دورہ منسوخ کیا گیا۔
خیال رہے کہ گیارہ جون کو مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین تین روزہ دورے پر پاکستان آرہے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دوران ان کی وزیراعظم نواز شریف اور چیمبر آف کامرس کے مختلف عہدیداروں کے ساتھ ملاقات بھی طے تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام سیکیورٹی انتظامات مکمل ہونے کے باوجود مالدیپ کے سفارتخانے نے پاکستانی دفترِ خارجہ کو بتایا ہے کہ عبداللہ یامین نے غیر معینہ مدت کے لیے اپنا دورۂ پاکستان منسوخ کردیا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ مالدیپ کے سفارتخانے کی جانب سے سرکاری طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا، لیکن یہ خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس دورۂ کے منسوخ ہونے کی وجہ اتوار کی رات کراچی ایئرپورٹ پر ہونے والا دہشت گرد حملہ ہے۔ دوسری جانب دفترِ خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے کہا کہ مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین کا دورۂ پاکستان کی تاریخ ابھی تک حتمی نہیں تھی۔