لاہور (جیوڈیسک) ماڈل واداکارہ حیا سہگل معمررانا کی بطور ڈائریکٹر پہلی فلم کی ہیروئن سائن ہوگئی ہیں جس کی افتتاحی تقریب 31 مئی کو کراچی میں ہوگی۔
تفصیل کے مطابق معمررانا بطور ڈائریکٹر فلم سکندر بنائیں گے جس کو پروڈیوس ان کی اہلیہ مہناز رانا کر رہی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ اس فلم کا اسکرپٹ بابر کشمیری نے لکھا ہے جب کہ اس کی شوٹنگ کراچی اور لاہور میں کی جائے گی جس کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دیتے ہوئے اداکارہ حیا سہگل کا پوسٹر کے لیے پچھلے دنوں ساتھ فوٹو شوٹ کروایا گیا۔
حیا سہگل نے فلمی کیرئیر کا آغاز معمر رانا کے ساتھ فلم سیچرڈے نائٹ سے کیا تھا، بعدازاں دانے پہ دانہ سمیت چند ایک فلموں میں بھی کام کرچکی ہیں۔ اداکارہ حیا سہگل فلم سکندر میں ہیروئن بننے پر بے حد خوش دکھائی دے رہی ہیں۔ دوسری طرف معمر رانا اور ان کی اہلیہ مہناز رانا نے 31 مئی کو کراچی میں ہونے والی لانچنگ تقریب میں ٹی وی اور فلم کے معروف اسٹارز کو شرکت کی دعوت دی ہے۔
اس کے لیے لاہور سے بھی چند ایک سینئر فنکاروں کو بھی آنے کی دعوت دی گئی ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ معمر رانا اس فلم کی زیادہ تر عکسبندی لاہور میں کریں گے کیونکہ وہ اپنے فلمی تکنیکاروں اور ایکسٹرا فنکاروں کو نہیں بھولے ہیں۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اس فلم کے کچھ گانے پاکستان سے باہر بھی کیے جائیں گے۔
لانچنگ تقریب میں فلم کے پوسٹر کے ساتھ ساتھ پوری کاسٹ کے اعلان سمیت دیگر تفصیلات کے بارے میں میڈیا کو بریفنگ دی جائے گی۔ اس حوالے سے حیا سہگل سے بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ معمر رانا کا ڈائریکشن کی طرف آنے کا فیصلہ انتہائی خوش آئند ہے۔ بطور اداکار انھوں نے بہت سی یادگار فلمیں دی ہیں۔ مجھ سمیت ان کے پرستارامید رکھتے ہیں کہ وہ بطور ہدایتکار بھی ایک سپرہٹ فلم دینے میں کامیاب رہیں گے۔