سلیکٹڈ ٹولہ جب تک موجود ہے عوام پر ظلم ہوتا رہے گا، رانا ثناءاللہ

Rana Sanaullah

Rana Sanaullah

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سلیکٹڈ ٹولہ جب تک موجود ہے عوام پر ظلم ہوتا رہے گا۔

لاہور میں عدالت پیشی کے موقع پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ گزشتہ روز بجلی کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے، ابھی پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا، ملکی تاریخ میں پہلی بار پیٹرول کی قیمت میں اتنا بڑا اضافہ کیا گیا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق وزارت نے جو تجویز دی اس سے دگنا اضافہ کردیا گیا، آئی ایم ایف کے کہنے پر ظلم کیا جارہا ہے، عمران خان کہتے تھے کہ میں آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاؤں گا، وزیراعظم خود کشی نہیں کرسکتے تو خودکشی کی کوشش ہی کرلیں۔

(ن) لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ عوام کے لیے جینا تو پہلے ہی مشکل تھا اب ناممکن ہوگیا ہے، اس حکومت کو برادشت کرنا عوام کے بس میں نہیں رہا، سلیکٹڈ ٹولہ جب تک موجود ہے عوام پر ظلم ہوتا رہے گا۔ متحدہ اپوزیشن اور پی ڈی ایم کو لانگ مارچ کی کال دینی چاہیے اور سیلکٹڈ ٹولے کو نکال باہر کرنا چاہیے، عوام سے استدعا ہے کہ وہ سڑکوں پر نکلیں، جن حالات میں ملک کو دھکیل دیا گیا ہے یہ اب ایک جماعت کے بس کی بات نہیں ہے، اب قومی قیادت کو بیٹھ کر فیصلہ کرنا ہوگا، ایک چارٹر آف اکانومی ہونا چاہیے۔

رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ مریم نواز (ن) لیگ کی رکن ہونے ناطے پی ڈی ایم کا حصہ ہیں، پی ڈی ایم کے اتحاد میں پیپلزپارٹی نہیں ہے، اپوزیشن اتحاد میں 8 جماعتیں ہیں قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی متحد اپوزیشن کے ساتھ ہے۔