منتخب ٹیکس گزاروں کا آڈٹ عید کے بعد شروع کرنے کا فیصلہ

FBR

FBR

اسلام آباد (جیوڈیسک) ایف بی آر نے گزشتہ ماہ بے ترتیب قرعہ اندازی کے ذریعے آڈٹ کے لیے منتخب ہونے والے 77 ہزار500 ٹیکس دہندگان کا عیدالاضحی کے بعد آڈٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایف بی آر کے سینئر افسر نے بتایا کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت تقریب میں بے ترتیب قرعہ اندازی کے ذریعے آڈٹ کیلیے منتخب ہونے والے 77 ہزار 500 ٹیکس دہندگان کی فہرستیں فیلڈ آفسز کو بھجوادی ہیں، ان فہرستوں کے ہمراہ ٹیکس دہندگان کے بارے میں معلومات پر مبنی سی ڈیز بھی بھجوائی گئی ہیں جس میں متعلقہ مواد اور ریکارڈ فراہم کیا گیا ہے جو آڈٹ کیلیے سود مند ہوگا۔

مذکورہ افسر نے بتایا کہ کارپوریٹ سیکٹر کے 1876 ٹیکس دہندگان جبکہ نان کارپوریٹ سیکٹر سے تعلق رکھنے والے 30 ہزار 505 ٹیکس دہندگان کا انکم ٹیکس آڈٹ کیا جارہا ہے جبکہ 12 ہزار 505 سے زائد ٹیکس دہندگان کا سیلز ٹیکس آڈٹ اور 69 کے لگ بھگ ٹیکس دہندگان کا فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا آڈٹ کیا جارہا ہے۔

ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ آڈٹ پالیسی 2013 کے ذریعے ٹیکس ایئر 2012 کیلیے کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی سے 40 ہزار ٹیکس دہندگان کو منتخب کیا گیا تھا اور ان میں سے 90 فیصدکا آڈٹ مکمل ہوچکا، 17 ارب روپے سے زائد کے ٹیکس واجبات کی ڈیمانڈ کے لیے آرڈرز جاری ہوئے جن کی اب ریکوری بھی شروع ہو گئی ہے اور اب تک 3 ارب روپے سے زائد کی ریکوری ہوچکی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکس ایئر 2013 کے آڈٹ کیلیے منتخب 77 ہزا 500 ٹیکس دہندگان مجموعی ٹیکس دہندگان کا 12 فیصد ہیں، اس سال آڈٹ کے ذریعے 50 ارب روپے کے ٹیکس ریونیو کی ڈیمانڈ کی توقع ہے۔