لاہور (جیوڈیسک) سلیکشن کمیٹی کی تجویز پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کا 2 ہفتےکا ٹریننگ کیمپ انگلینڈ میں لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایبٹ آباد میں قومی ٹیم کا فزیکل فٹنس کیمپ 14 مئی سے شروع ہورہا ہے، پہلے یہ کیمپ چار جون کو ختم ہونا تھا تاہم اب کیمپ 28 مئی کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق کی تجویز پر پی سی بی نے ہمپشائر کاؤنٹی میں 16 جون سے کیمپ لگانے کی تیاریاں کرلی ہیں۔
انضمام الحق کا موقف ہے کہ دورہ انگلینڈ کی مقررہ تاریخوں سے قبل انگلینڈ پہنچ کر کھلاڑی وہاں کے موسم سے ہم آہنگ ہوں گے اور انگلینڈ سے سیریز سے قبل وہاں کی وکٹوں پرکھیل کرکھلاڑیوں کو فائدہ ہوگا۔
دوسری جانب چیف سلیکٹر کی جانب سے تجویز کو پی سی بی نے بھی منظور کرلیا ہے تاہم چئیرمین پی سی بی شہریارخان کی حتمی منظوری ملنے کی صورت میں پروگرام کو حتمی شکل دی جائے گی۔