کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 کے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں الیکشن کمیشن کے قوانین کے مطابق انتخابی مہم کا وقت آج رات 12 بجے ختم ہوجائے گا۔
قائم مقام الیکشن کمشنر سندھ تنویر ذکی نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کےقوانین کے مطابق امیدواروں کو اپنی انتخابی مہم پولنگ سے 24 گھنٹے قبل ختم کرنی ہوتی ہے ،انتخابی مہم کے سلسلے میں نکالی جانے والی ریلیاں اور جلوس آج رات 12 بجے ختم ہوجائینگی۔
اس کے بعد امیدوار گھر گھر جاکر حلقے کے عوام سے ووٹ اور حمایت کیلئے دیگر جماعتوں سے رابطے کرسکتے ہیں۔ خلاف ورزی کرنے والے امیدوار کیخلاف الیکشن کمیشن قوانین کے مطابق کارروائی کی جائیگی۔
حلقہ این اے 246 کے ضمنی انتخاب کے لیے متحدہ قومی موومنٹ کے کنور نوید جمیل ، جماعت اسلامی کے راشد نسیم اور پاکستان تحریک انصاف کے عمران اسماعیل سمیت 12 امیدوار میدان میں ہیں۔