لوڈ شیڈنگ کے بعد ٹرپنگ کا عذاب نازل , قیمتی اشیاء ناکارہ ہونے لگیں‌ , شہری پریشان

Load shedding

Load shedding

سرگودھا (جیوڈیسک) گزشتہ روز بجلی کی ہر پندرہ بیس منٹ بعد ٹرپنگ اور وولٹیج میں کمی بیشی کے باعث شہر کے بیشتر علاقوں میں فریج، ٹیلی ویژن، پنکھے، موٹر پمپ اور دیگر الیکٹرانک اشیاء جلنے کی شکایات موصول ہوئیں جس پر لوگوں نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے فیسکو حکام کو خوب کوسنے دیئے۔

دن اور رات کے اوقات میں بجلی کی بندش کے بعد بحالی اور اس کے کچھ منٹوں بعد اچانک پھرسے بجلی کی اچانک بندش نے لوگوں کی مشکلات بڑھا دیں اور مالی نقصانات کے پیش نظر انہیں د ہرے عذاب سے گزرنا پڑا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ فیسکو ملازمین جان بوجھ کر لوگوں کو نقصان پہنچانے کیلئے ایسا کر رہے ہیں۔

شہری حلقوں نے کہا ہے کہ بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث کاروبار تباہ ہو چکے ہیں۔ اب وولٹیج میں کمی بیشی اور ٹرپنگ کا مسئلہ گھروں کو ضرورت کی اشیاء سے خالی کرنے کا باعث بننے لگا ہے۔ فیسکو کو بجلی کے سپلائی سسٹم میں موجود خرابیوں کو فوری طور پر دور کرنا چاہیے تاکہ نقصان کا یہ سلسلہ رک جائے۔