اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین سینیٹ نے ایوان بالاکے اجلاس کی کارروائی برائے راست ریڈیو پر نشر کرنے اور ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کی منظوری دیدی ہے اورعملی اقدامات کیلیے فنانس ونگ کو سمری بھیج دی گئی ہے۔
سینیٹ سیکریٹریٹ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ مذکورہ بالا سفارش سیکریٹری سینیٹ کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کو بھیجی گئی تھی جس کی انھوں نے باضابطہ منظوری دیدی۔ اس منصوبہ پر مجموعی طورپر90 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔
ریڈیو پر سینیٹ کارروائی پر50 لاکھ جبکہ ویب پر 40 لاکھ روپے خرچہ آئے گا جس کے لیے فنانس کمیٹی کی سب کمیٹی کواس پر مزید پیشرفت کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
منصوبے کے تحت صرف سرکاری محکمے یا میڈیا ہی نہیں بلکہ عام لوگوں میں بھی سینیٹ کی کارروائی، اس کے فنکشن کے بارے میں آگہی پیدا ہو گی۔
ترقی یافتہ ممالک میں سرکاری ریڈیو پر پارلیمنٹ کی کارروائی دکھائی جاتی ہے۔ منصوبہ پرکام مکمل ہونے کے بعد سینیٹ پاکستان کی کارروائی ایف ایم ریڈیو پر نشر ہوا کریگی۔