کراچی (جیوڈیسک) وزیر جیل خانہ جات سندھ منظور وسان نے کہا ہے کہ ملکی مفاد اور مفاہمتی پالیسی کے پیش نظر سینیٹ کی چیئرمین شپ پیپلزپارٹی کی ملنی چاہئے ،6 مارچ کواہم پیشگوئی کروں گا۔ سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو میں منظور وسان کا کہنا تھا کہ آنے والے وقت میں کچھ پتے جھڑیں گے کچھ بکروں کی قربانی ہوگی ،کچھ جیل جائینگے اور کچھ باہر آئینگے۔
انہوں نے کہاکہ چھوٹی بڑی جماعتوں کے اتحاد سے پیپلزپارٹی کو کوئی فرق نہیں پڑتا، ذوالفقار علی بھٹو کے دورسے پیپلزپارٹی کیخلاف اتحاد بنتے چلے آرہے ہیں، 5 مارچ کی شام لوگوں کوپتہ چل جائیگا کہ سینیٹ میں اکثریتی جماعت کون سی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ستمبرسے دسمبر تک ٹارگٹ کلنگ میں کمی واقع ہوتی ہے جبکہ جنوری سے مارچ تک اضافہ ہوجاتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ 6 مارچ کو خواب دیکھوں گا، پیپلزپارٹی سینیٹ میں اکثریتی پارٹی بن کرابھرے گی۔