اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) سینیٹ نے بچوں کے لازمی ٹیکے اور ہیلتھ ورکرز کے تحفظ کا بل متفقہ طور پر منظور کر لیا۔
سینیٹ میں بل سینیٹر عائشہ رضا فاروق کی جانب سے پیش کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ والدین بچے کے 6 ماہ کے ہونے سے قبل اس کے بنیادی ٹیکوں کا کورس مکمل کروائیں۔
بل کے مطابق میڈیکل آفیسر بچے کو ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ جاری کرے گا، سرکاری ہیلتھ ورکر ویکسینیشن کی کوئی فیس نہیں لے گا۔
بل میں کہا گیا ہے کہ ویکسینیشن نہ ہونے پر نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) بچے کو فارم ’ب‘ اور پیدائشی سرٹیفیکیٹ جاری نہیں کرے گا اور کوئی مدرسہ یا اسکول بچے کو اس وقت تک داخلہ نہیں دے گا جب تک کہ ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ مہیا نہ کیا جائے۔
بل میں کہا گیا ہے کہ حکومت ہیلتھ ورکرز کو سیکورٹی فراہم کرے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جرمانہ اور قید کی سزائیں بھی تجویز کی گئی ہیں۔