سینیٹ میں کورونا وائرس کی صورتحال پر بحث، اپوزیشن کی حکومت پر تنقید

Senate

Senate

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) سینیٹ اجلاس میں کورونا وائرس کی صورت حال پر بحث کے دوران اپوزیشن نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

چیئرمین صادق سنجرانی کی سربراہی میں سینیٹ کا اجلاس جاری ہے جس میں ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال پر بحث کی جا رہی ہے۔

قائد حزب اختلاف راجا ظفرالحق نے کہا کہ حکومت کو چاہیے تھا کہ اپوزیشن کی ریکوزیشن سے پہلے خود اجلاس بلاتی، چیئرمین سینٹ نے اسمبلی ہال مانگا تو بتایا گیا کہ وہاں قومی اسمبلی اجلاس ہے، وبا کے دوران اتحاد کی ضرورت تھی لیکن وزیر اعظم نے تقسیم پیدا کی اور کہا گیا لاک ڈاؤن اشرفیہ نے کرایا۔ صوبے کوئی فیصلے کر رہے ہیں وفاق کچھ ،تاثر دیا جا رہاہے سندھ حکومت عوام دشمن ہے، اپوزیشن کے حوالے سے حکومتی رویہ افسوسناک ہے، جو اپوزیشن کے خلاف بات کرے اسے شاباش ملتی ہے۔

پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا کہ یہ ایسا وقت ہے جہاں ہمیں یکجہتی کی ضرورت ہے لیکن ایک تقسیم کی سی صورت حال کا سامنا ہے، آج اسمارٹ تو کل کریزی لاک ڈاوَن اور پتہ نہیں کیا کیا ہورہا ہے؟ ہمیں اس بات کا یقین ہے کہ وزیراعظم کورونا سے نہیں ڈرتے لیکن پارلیمان میں آتے نہیں۔ وزیراعظم کہاں اور لاپتہ کیوں ہیں؟، سنگین صورت حال میں وفاق سے غلطی ہوتی ہے تو کل ہم سے ہوگی۔

شیری رحمان نے کہا کہ کورونا کیسز سے متعلق اعداد وشمار کے حقائق کے مسائل کا سامنا ہے، حالات ایسے بننے جارہے ہیں کہ ہمارے پاس صحت وسائل ختم ہورہے ہیں، لاک ڈاوَن میں نرمی پر حکومت کا پیغام واضح نہیں ہے ، لاک ڈاوَن میں نرمی ہوتے ہی عید کی خریداری کی جارہی ہے۔