سینیٹ میں عید میلاد النبی کے سلسلے میں قرار داد منظور

Senate

Senate

اسلام آباد (جیوڈیسک) سینیٹ میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں قرارداد منظور کر لی گئی۔ مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دینے قائد اعظم محمد علی جناح، بے نظیر بھٹو اور ملکہ ترنم نورجہاں کو خراج عقیدت کی قراردادیں بھی متفقہ طور پر منظور کرلی گئیں۔

چیئرمین رضا ربانی کی زیر صدارت سینیٹ اجلاس میں ملکہ ترنم نور جہاں کی برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اجلاس میں مسلم لیگ ق کے سینیٹر مشاہد حسین نے نورجہاں کو خراج عقیدت پیش کرنے کی قرار داد پیش کی گئی جو متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔

قرار داد میں کہا گیا کہ ملکہ ترنم نے 1965 کی جنگ میں قوم کا حوصلہ بڑھایا ، ملکہ ترنم نورجہاں کے ترانے آج بھی مقبول ہیں۔

سینیٹ میں قائد اعظم محمد علی جناح اور بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت کی الگ الگ قراردادیں منظور کی گئیں۔ چیئرمین رضا ربانی نے کہا کہ قائد اعظم کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ان کے فرمودات پر عمل کرنا ہے۔

بانی پاکستان کی 11 اگست 1947 کی تقریر کو عملی جامہ پہنایا جائے، قائد کی تقریر پر عمل سے دہشتگردی ہوگی ناں فرقہ واریت ، قائد اعظم کی 11 اگست کی تقریر اور تاریخ کو مسخ نہ کیا جائے۔ سینیٹ میں مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دینے کی قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ہے۔