سینیٹ الیکشن :MQM کے 7 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع

MQM

MQM

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) ایم کیو ایم پاکستان نے جنرل، ٹیکنو کریٹ اور خواتین کی مخصوص نشستوں پر 7 امیدواروں کے 8 کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔

فیصل سبزواری اور رؤف صدیقی نے سینیٹ کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ کا تقدس اہم ہے، سیاسی پارٹیوں کو ان کی نمائندگی کے حساب سے نشستیں ملنی چاہئیں، ایم کیو ایم نے کبھی خریدو فروخت نہیں کی لیکن اس بار ہم چاہتے ہیں کہ کچھ لوگ ہمیں بھی ووٹ ڈالیں۔

اس سے قبل سینیٹ کی جنرل نشست پر ایم کیو ایم کے رؤف صدیقی، فیصل سبزواری، عبدالقادر خانزادہ، خواجہ سہیل منصور، ڈاکٹر ظفر کمالی، ٹیکنو کریٹ پر رؤف صدیقی سید خصر عسکر زیدی اور خواتین کی مخصوص نشست پر خالدہ اطیب کے نامزدگی فارم جمع کرائے گئے۔

فیصل سبزواری اور رؤف صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم نے کبھی خرید و فروخت نہیں کی، ہماری اس جمہوری اپروچ کو کچھ لوگوں نے غصب بھی کیا، نہ ہم نے پیسے لیکر ووٹ دیا اور نہ لیتے ہیں مگر اس بار ہم چاہتے ہیں کہ کچھ لوگ ہمیں بھی ووٹ ڈالیں، ہم نے سیاست میں اصولوں پر نیک نامی کمائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب ووٹ کی فروخت چھپائی بھی نہیں جارہی، اسے پارلیمانی بے حیائی نہیں کہیں گے تو اور کیا کہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم ایک پر امید جماعت ہے، ہم حالات کے جبر سے مایوس ہوکر بیٹھتے، بلاول صاحب جمہوریت اوراصولوں کی بات کرتے ہیں، کیا پیپلزپارٹی کی 6 سے زیادہ نشستیں بنتی ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ہم 2 نشستوں پر جیت کے لیے پرامید ہیں، ابھی طے ہونا باقی ہے کہ خاتون اور ٹیکنو کریٹ کی نشست پر کون امیدوار لڑے گا۔