اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کر دی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے پہلے کیے گئے اعلان کے مطابق کاغذات نامزدگی 12 اور 13 فروری کو جمع کرائے جانے تھے تاہم اب الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہےکہ سینیٹ انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی 15 فروری تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق نامزد امیدواروں کی فہرست 16 فروری کو آویزاں کی جائے گی اورکاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 17 اور 18 فروری کو ہوگی جب کہ کاغذات نامزدگی سے متعلق اپیلیں 20 فروری تک دائر کی جاسکیں گی جس کے بعد امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست 24 فروری کو آویزاں کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 25 فروری ہے جب کہ سینیٹ انتخابات کے لیے پولنگ 3 مارچ کو ہوگی۔