اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) الیکشن کمیشن نے سابق وزیراعظم اور سینیٹ الیکشن میں پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض مسترد کردیا۔
پی ڈی ایم کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی پر پی ٹی آئی کے فرید رحمان نے اعتراض دائر کیا تھا۔
پی ٹی آئی کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ یوسف رضا گیلانی آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے، وزیر اعظم کے حلف کی خلاف ورزی کرنے پر تاحیات نااہلی ہے، یوسف رضا گیلانی کے نیب میں ریفرنس زیر التوا ہیں ، ان کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔
اس موقع پر وکیل یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جن کیسز پر عدالت کا فیصلہ نہیں آیا اس کو مخالفین جواز بنا رہے ہیں، مخالف وکیل صرف ان کیسز کا حوالہ دے رہے ہیں جو عدالتوں میں زیر التوا ہیں، یوسف رضا گیلانی نے بطور وزیر اعظم ایک ملین کے قریب فیصلے کیے ، اس پر صرف چند نیب کورٹ ریفرنس میں آئے ہیں، کیس کا زیر التوا ہونا ہر گز وجہ نہیں ہے کہ امیداوار کے کاغذات کو مسترد کیا جائے۔
ریٹرننگ آفیسر کے دونوں وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا جو آج جمعرات کو سناتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کے کاغذات پر اعتراض کو مسترد کرتے ہوئے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے۔