اسلام آباد (جیوڈیسک) سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کے خلاف ہے تاہم شو آف ہینڈز کے لیے آئینی ترمیم کا حکومتی فیصلہ جلد بازی پر مبنی سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کا اقدام لگتا ہے، پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر فرحت اللہ بابر نے ایک بیان میں کہا کہ پیپلز پارٹی ہارس ٹریڈنگ کو روکنے سے متعلق اقدامات کا خیر مقدم کرتی ہے تاہم حکومت کی جانب سے سینیٹ الیکشن میں شو آف ہینڈز کے لیے آئینی ترمیم کا فیصلہ جلد بازی میں کیا گیا
غیر دانش مندانہ اقدام ہو گا۔ فرحت اللہ بابر نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں پہلی، دوسری اور تیسری ترجیح اور کامیاب امیدوار کے سر پلس ووٹوں جیسے کئی تکنیکی امور ہیں، تکنیکی امور کا یہ معاملہ محض شو آف ہینڈز سے کیسے حل ہو سکتا ہے۔ حکومت اس معاملے پر واضح سوچ کے ساتھ آئے اور وضاحت کرے کہ جب انتخابات سے صرف 10 دن رہ گئے ہیں تو اس پر عمل درآمد کیسے ممکن ہوگا۔