کراچی (جیوڈیسک) عمران خان نے اعتراف کرتے ہوئے کہا سینیٹ الیکشن میں ہمارے ارکان بھی فروخت ہوئے، ضمیر خریدنے کیلئے 4 کروڑ روپے تک دیئے گئے، معاملے کی انکوائری کرائیں گے۔ انہوں نے کہا راتوں کو بیٹھ کر ایم پی ایز کے ضمیر خریدے گئے، سینیٹ الیکشن میں جمہوریت کی نفی ہوئی ہے، جو پیش کش کے باوجود نہیں بکے ان کو سلام پیش کرتا ہوں۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے خراب حالات کی وجہ خوف کی سیاست ہے ، ماضی کی منفی سیاست کے باعث کراچی کھنڈر بن چکا ہے ، کراچی کی ذمہ داری کسی نے نہیں لی ، کراچی کے گاڈ فادر لندن چلے گئے ، سندھ پولیس کو تباہ کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کوشش تھی کراچی میں پڑھے لکھے لوگ سیاست میں آئیں ، دہشتگردی کی وجہ سے پڑھے لکھے لوگ سیاست میں نہیں آتے تھے۔
عمران خان نے مزید کہا تحریک انصاف کراچی میں نیا نظام لے کر آئے گی، ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے ، ہم با اختیار میئر لے کر آئیں گے ، میئر کو براہ راست منختب کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا پولیس کو غیر سیاسی بنائیں گے ، کراچی میں خیبر پختونخوا جیسا پولیس نظام لائیں گے ، انفرااسٹرکچر ٹھیک کر کے کراچی کو روشنیوں کا شہر بنائیں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ضمنی الیکشن اپوزیشن جماعت کم جیتتی ہے ، ضمنی الیکشن کی بنا پر رائے نہیں لی جا سکتی ، اگلا الیکشن تحریک انصاف جیتے گی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ہم سمجھتے تھے کہ شریف فیملی نے 300 ارب روپے کی کرپشن کی لیکن اب پتہ چلا ہے وہ 900 ارب روپے کی کرپشن میں ملوث ہیں۔ ان کا کہنا تھا چوری کرنے کے بعد شہادت نہیں جیل ملتی ہے ، یہ سمجھتے ہیں لوگ بے وقوف ہیں ، نواز شریف اب جیل جائیں گے۔
چیئرمین پی ٹی ائی عمران خان کا کہنا ہے افسوس ایک قوم کسی کی جنگ لڑے اور اس کی تذلیل بھی کی جائے ، ملک قرضوں میں ڈوب رہا ہے ، بھیک مانگنے ادھر ادھر جاتے ہیں ، مقروض قوم کی عزت نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا خیبرپختونخوا دہشت گردی کی وجہ سے تباہ ہو گیا تھا ، حکومت سنبھالی تو دہشت گردی کے باعث صوبے کا برا حال تھا ، خیبرپختونخوا میں 70 فیصد انڈسٹری بند تھی۔