اسلام آباد (جیوڈیسک) سینیٹ الیکشن کی گہما گہمی عروج پر ہے، آصف علی زرداری نے اسلام آباد میں ڈیرے ڈالنے کا فیصلہ کر لیا۔ پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر امین فہیم نے پارلیمانی بورڈ کے فیصلوں کی توثیق کر دی۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے آج اسلام آباد پہنچنے کا امکان ہے۔ وہ سینٹ الیکشن کے حوالے سے پارٹی کے مختلف اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی اسلام آباد بلانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں انہیں سینیٹ الیکشن کے حوالے سے پارٹی گائیڈ لائن دی جائے گی۔
ادھر آصف زرداری نے گلگت بلتستان کے انتخابات کے حوالے سے بھی پارٹی قائدین کو اسلام آباد طلب کر لیا ہے۔ سابق صدر آصف زرداری کی چینی وزیر خارجہ کے ساتھ 12 فروری کو اسلام آباد میں ملاقات کا بھی امکان ہے۔
دوسری جانب آصف علی زرداری اور امین فہیم کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، دونوں رہنماؤں نے سینیٹ الیکشن پر مشاورت کی۔ پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر نے ٹکٹوں کے لیے پارلیمانی بورڈ کے فیصلوں کی توثیق کر دی۔ امین فہیم جرمنی سے علاج کے بعد دبئی پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے پارٹی قیادت سے ناراضگی کی خبروں کو گمراہ کن قرار دیا۔