کوئٹہ (جیوڈیسک) سینیٹ انتخابات کیلئے کوئٹہ میں ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، کل صوبائی اسمبلی میں 65 اراکین اسمبلی اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
کوئٹہ میں سینیٹ انتخابات کیلئے صوبائی اسمبلی میں پولنگ صبح نو بجے سے سہ پہر چار بجے تک ہو گی، سینیٹ کی چار کیٹگریز کے لئے چار رنگوں میں بیلٹ پیپرز چھپوائے گئے ہیں، جنرل نشست کی کیٹگری کیلئے سفید، خواتین کی کیٹگری کے لئے گلابی، ٹیکنوکریٹ /علما کے لئے سبز اور اقلیت کے لئے زرد رنگ کا بیلٹ پیپر شائع کیا گیا ہے۔
ہر رکن اسمبلی کو چاروں کیٹگریز کیلئے چار رنگ کے بیلٹ پیپرز جاری کیے جائیں گے، ہر رکن اسمبلی پہلی، دوسری اور تیسری، تین ترجیحات کے تحت چاروں کیٹگریز کے لئے اپنے پسندیدہ امیدوار وں کے حق میں ووٹ ڈالے گا۔
پولنگ کے فوری بعد ووٹوں کی گنتی کی جائے گی جس کے بعد غیرسرکاری نتائج کا اعلان کر دیا جائے گا۔ صوبائی الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ سینیٹ انتخابات کے موقع پر سکیورٹی کی ذمہ داری صوبائی حکومت کی ہو گی۔
معزز اراکین کے علاوہ کسی غیر متعلقہ شخص کو اسمبلی عمارت میں پولنگ کی جگہ تک آنے کی اجازت نہیں ہو گی اور اراکین اسمبلی یا ان کے نجی گارڈز کے اسلحہ لے جانے پر بھی پابندی ہو گی۔