اسلام آباد (جیوڈیسک) سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ روکنے کیلئے حکومت اور اپوزیشن جماعتیں سرگرم ہیں۔ شو آف ہینڈ کے بجائے بیلٹ پیپر پر ووٹر کے نام لکھنے کی نئی تجویز سامنے آئی ہے جس پر حتمی فیصلے کے لئے وزیراعظم جمعے کو پارلیمانی لیڈرز کو ملیں گے۔ حکومت نے اپنی مجوزہ آئینی ترمیم کی تجاویز اپوزیشن جماعتوں کے سامنے رکھ دی ہیں۔
اس سلسلے میں خواجہ سعد رفیق کی سربراہی میں ایک کمیٹی نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی اور ،،مجوزہ آئینی ترمیم پر انہیں اعتماد میں لیا۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ تحریک انصاف کو بھی اعتماد میں لیں گے جس پر مولانا فضل الرحمن بولے ، یہ سب کچھ تحریک انصاف کیلئے ہی تو ہو رہا ہے۔
سینیٹ کی 52 نشستوں پر انتخابات 5 مارچ کو ہو رہے ہیں۔ سیاسی جماعتوں پر ہارس ٹریڈنگ کا خوف سوار ہے۔ ان کا خیال ہے کہ ارکان اسمبلی کو ووٹ میں حاصل دوسری اور تیسری آپشن نتائج پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔