سینیٹ سے پانچ بلوں کی متفقہ طور پر منظوری

Senate

Senate

اسلام آباد (جیوڈیسک) سینیٹ نے بدھ کو متفقہ طور پر انسداد دہشت گردی (ترمیمی) بل 2014ء اور انسداد دہشت گردی (دوسرا ترمیمی) بل 2014ء سمیت پانچ بلوں کی منظوری دے دی ہے۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی زاہد حامد نے انسداد دہشت گردی (دوسرے ترمیمی) بل 2014ء پیش کیا ان کا کہنا تھا کہ انسداد دہشتگردی کا دوسرا ترمیمی بل دہشت گرد تنظیموں اور ان کی مالی مدد کرنے والوں اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیئے بنایا گیا ہے۔

اس سے قبل اجلاس میں فتح جنگ خودکش حملے کی مذمت کی گئی جس میں دو فوجی افسروں سمیت پانچ افراد ہلاک ہو گئے تھے ۔ بعد میں سینیٹ نے وفاقی وزیر قانون و انصاف و انسانی حقوق سینیٹر پرویز رشید کی طرف سے پیش کیے گئے لیگل پریکٹیشنرز اینڈ بار کونسل (ترمیمی) بل 2014ءاور لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان (ترمیمی) بل 2014ء کی منظوری دے دی۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی زاہد حامد نے سروس ٹربیونل (ترمیمی) بل 2014ء پیش کیا جسے اتفاق رائے سے منظوری دے دی گئی۔ قائد ایوان، راجہ ظفر نے کہا کہ سینیٹ کی تاریخ میں یہ ایک عظیم دن ہے کہ حزب اختلاف کی جماعتوں کی حمایت کے ساتھ پانچ بلوں کی منظوری دی گئی ہے انہوں نے اپوزیشن کو یقین دہانی کرائی کے حکومت ترامیم کے لیے ان کی تجاویز کا خیر مقدم کرے گی۔

بعد ازاں، پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے،وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ حکومت قومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی.