فیصل آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صوبائی رہنما حافظ طاہر جمیل میاں نے سینیٹ کے انتخابات میں کامیاب ہونیوالے پاکستان مسلم لیگ(ن)کے امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ سینیٹ الیکشن کے انعقاد کے ساتھ ہی جمہوریت کا ایک اور مرحلہ خوش اسلوبی کے ساتھ طے ہوگیا ہے۔
پنجاب اور اسلام آباد میں مسلم لیگ(ن) نے کلین سویپ کرکے اپنی برتری ظاہر کردی ہےـانہوں نے کہاکہ ان رہنمائوں کی کامیابی سے پارلیمنٹ کے وقار میں اضافہ اور قانون کی بالادستی قائم ہوگی کیونکہ باکردار اور مخلص قیادت ہی ملک کو درپیش مسائل سے نجات ہی دلا سکتی ہےـایک بیان میںانہوں نے کہاکہ سینیٹ انتخابات انتہائی شفاف،صاف اور اچھے انداز میں ہوئے ہیں جس سے جمہوریت اور جمہوری اداروں کو استحکام ملا ہے۔
آرڈیننس جاری کرنے کا مقصد ہارس ٹریڈنگ روکنا اور انتخابی عمل کو شفاف بناناتھاـانہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کا خیبرپختونخواہ میں ایک اور معیار ہے پنجاب میں دوسرا ہے،عمران خان کنٹینر پر چڑھ کر جس پارلیمنٹ کو گالیاں دیتے تھے آج اسی پارلیمنٹ کا حصہ بن گئے ہیںـ
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم میاں نوازشریف نے حقیقی جمہوری حکومت کی بنیاد رکھی، سینیٹ اور سندھ میں پیپلزپارٹی اکثریت میں تھی جسے تسلیم کیاگیا، بلوچستان میں ڈاکٹر عبدالمالک اور خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف کو حکومت سازی کا موقع دیا گیاـ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم میاں نوازشریف کی سوچ ہمیشہ مثبت رہی، انہیں جب بھی موقع ملا انہوں نے معیشت کی ترقی اور کاروبار کے فروغ کیلئے اقدامات کئے، اب ملک میں آمرانہ نظام نہیں آئیگا اور جمہوریت مضبوط ہوگاـ