سینیٹ: نیب کو مرکز تک محدود کرنے کی جانب پیش رفت

Senate

Senate

اسلام آباد (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کی نیب کے پر کاٹنے کی کوششیں جاری ہیں۔ سینیٹ کمیٹی میں نیب کے صوبوں میں کارروائی کے اختیارات ختم کرنے کا بل منظور کر لیا گیا ہے۔

وزارت قانون اور نیب کی جانب سے بل کی شدید مخالفت کی گئی ہے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون میں پیپلز پارٹی کے سینیٹر تاج حیدر کے بل پر بحث کے دوران وزارت قانون حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ بل کی منظوری سے خلاء پیدا ہو جائیگا، صوبوں میں احتساب کا قانون بننے تک اسے منظور نہ کیا جائے۔

ڈی جی نیب کا کہنا تھا کہ اگر کرپشن جرم نہیں تو نیب کا موجودہ قانون بے شک ختم کر دیا جائے۔ بل پر قائمہ کمیٹی کے ارکان اور متعلقہ ادروں کا نکتہ نظر سننے کے بعد ووٹنگ کرائی گئی۔ 5 ارکان نے تاج حیدر کے بل کی حمایت، 4 نے مخالفت کی ۔ قائمہ کمیٹی سے منظوری کے بعد اب بل ایوان بالا میں پیش کیا جائیگا۔