لاہور (جیوڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی نے پنجاب میں سینیٹ کی دونوں نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دینے کا فیصلہ کرلیا۔
پنجاب اسمبلی میں سینیٹ کی دونوں نشستوں پر ن لیگ کو ووٹ دینے کا فیصلہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے صوبائی پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ سے مشاورت کے بعد کیا۔
پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سینیٹ کی دونوں نشستوں پر ن لیگ کے امیدواروں کو ووٹ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقابلہ فاشسٹ جماعت سے ہے، جن کا ساتھ نہیں دیا جا سکتا، ملک کو یرغمال بنانے اور بغاوت پر اکسانے والوں سے این آر او کرنے والوں کو ووٹ نہیں دے سکتے۔
یاد رہے کہ سینیٹ انتخابات میں ووٹوں کے حصول کیلئے پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے وفود نے پنجاب اسمبلی میں پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ سے ملاقاتیں کی تھیں جس میں حمایت کی درخواست کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سپریم کورٹ نے دہری شہریت کیس میں مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے سینیٹر ہارون اختر اور سینیٹر سعدیہ عباسی کو ناابل قرار دیا تھا۔
سینیٹ کی دونوں نشستوں پر 15 نومبر کو پنجاب اسمبلی میں پولنگ ہوگی جس میں جنرل نشست پر پی ٹی آئی امیدوار ولیداقبال اور (ن) لیگ کے سعود مجید میں ون ٹو ون مقابلہ ہوگا جب کہ خواتین کی نشست پر ن لیگ کی سائرہ افضل تارڑ اور پی ٹی آئی کی سیمی ایزدی کے درمیان مقابلہ ہوگا۔