اسلام آباد (جیوڈیسک) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پانی و بجلی نے رمضان میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر برہمی کا اظہار کیا ہے، چیئرمین کمیٹی زاہد خان کہتے ہیں کہ اس مبارک مہینے میں بھی عوام کو ریلیف نہیں دیا جارہا تو آخر کب دیا جائے گا۔
قائمہ کمیٹی پانی و بجلی کا اجلاس سینیٹر زاہد خان کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا، ارکان نے وزیر اور سیکریٹری پانی و بجلی کی عدم شرکت پر برہمی کا اظہار کیا۔
چیئرمین کمیٹی کا کہنا تھا کہ رمضان میں بھی لوڈ شیڈنگ جاری ہے، حکومت رمضان میں عوام کو ریلیف نہیں دے سکتی تو کب دے گی، کمیٹی نے آئیسکو اور گیپکو کے سربراہان کو فوری ہٹانے کی سفارش کی۔
چیئرمین واپڈا نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر نیلم جہلم منصوبے کیلئے 14 ارب روپے مل گئے ہیں، اس رقم سے کافی ادائیگیاں بھی کر دی گئی ہیں۔
منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی نے بتایا کہ نیلم جہلم منصوبے کی ٹرانسمیشن لائن پر کام جلد شروع ہوگا، منصوبے سے 2016ء تک پیداوار شروع ہو جائے گی۔
کمیٹی کو بتایا گیا منصوبے کی 6.7 کلو میٹر سرنگ کی کھدائی ہو چکی ہے، رواں مالی سال کیلئے 72 ارب روپے درکار ہیں، بجلی کے بلوں کی مد میں عوام سے 6 ارب روپے سالانہ وصول ہوتے ہیں۔