اسلام آباد (جیوڈیسک) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے انسداد دہشت گردی ترمیمی بل کی متفقہ طور پر منظوری دے دی۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس سینیٹر طلحہٰ محمود کی صدارت میں ہوا جس میں قائمہ کے دیگر ارکان نے شرکت کی، اجلاس میں کمیٹی نے انسداد دہشت گردی ترمیمی بل کی متفقہ طور پر منظوری دی جبکہ کمیٹی نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ کسی بھی کالعدم تنظیم کو نئے نام سے کام کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
وزارت خزانہ کے حکام نے کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا کہ دہشت گردوں کو علاج اور دوران ٹرائل منجمد اکاؤنٹ تک رسائی دی جائے گی۔ اجلاس میں شریک ایم کیوایم کے سینٹر طاہر مشہدی نے کہا کہ کراچی میں آپریشن کے دوران 17 ہزار لوگ پکڑے گئے جن میں سے صرف 5 کو سزا ملی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں شریف لوگ اندر اور جرائم پیشہ باہر ہیں۔