اسلام آباد (جیوڈیسک) سینیٹر رضا ربانی، زاہد خان اور اسحاق ڈار کو نامعلوم خط کے ذریعے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئی ہیں، چیئرمین سینیٹ نے وزیر داخلہ کو معاملے کی تحقیقات کی ہدایت کر دی۔ سینیٹر رضا ربانی نے بتایا ہے کہ انہیں نا معلوم خطوط پارلیمنٹ ہاس میں موصول ہوئے، جس میں ان کے علاوہ زاہد خان اور اسحاق ڈار کے نام بھی شامل ہیں ۔
خطوط میں نازیبا گالیاں بھی درج کی گئی ہیں اور کہا گیا کہ پرویز مشرف کی مخالفت کرنے پر ان کا انجام اچھا نہیں ہو گا۔
رضا ربانی نے دھمکی آمیز خط کا معاملہ سینیٹ اجلاس میں بھی اٹھایا اور کہا کہ انہیں قتل کرنے، اغوا کرنے اور گلہ کاٹنے کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔
انہیں وفاقی یا صوبائی حکومت کی سیکورٹی کی ضرورت نہیں۔ قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے کہا کہ لگتا ہے کہ خطوط پرویز مشرف کے کسی ساتھی یا چاہنے والے نے لکھے ہیں، خطوط ہاتھ سے لکھے گئے ہیں، شناخت ممکن ہے، معاملہ منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔
سینیٹر زاہد خان نے کہا کہ دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں، آرٹیکل سکس کے مقدمے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ قائد ایوان راجا ظفر الحق نے یقین دہانی کرائی کہ وہ معاملہ وزیر اعظم کے نوٹس میں لائیں گے۔